غازی پور، 27 /جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) اترپردیش کے ضلع غازی پور کے ڈِلیا گاؤں میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کا بے رحمانہ قتل اس وقت پیش آیا جب ایک بیٹے نے زمین کے تنازع پر طیش میں آ کر اپنے ماں، باپ اور بہن کو کلہاڑی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزم ابھے اپنی بہن کُسُم کے نام زمین منتقل کرنے سے ناراض تھا اور اسی غصے میں اس نے یہ ہولناک قدم اٹھایا۔ اتوار کی صبح ایک بار پھر جھگڑا ہوا، جس کے بعد ابھے نے کلہاڑی سے حملہ کر کے والد شیو رام یادو (70)، والدہ جمونی دیوی (65) اور بہن کُسُم (35) کو قتل کر دیا۔ شور سن کر جب پڑوسی گھر پہنچے تو تینوں کی لاشیں خون میں لت پت پڑی تھیں جبکہ قاتل بیٹا فرار ہو چکا تھا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا اور جائے واردات سے کلہاڑی برآمد کر لی۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ شیو رام نے اپنی بیٹی کُسُم کو ایک ماہ قبل 15 بسوا (20,250 square feet.) زمین دی تھی، جو ملزم کو منظور نہ تھا۔ گھر میں اسی بات پر بار بار جھگڑے ہو رہے تھے۔ کُسُم کی ازدواجی زندگی ناکام رہی تھی اور وہ طویل عرصے سے اپنے والدین کے ساتھ رہ رہی تھی، جس پر اس کا بھائی سخت ناراض رہتا تھا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی ڈاکٹر ایراج راجہ، اے ایس پی سٹی گیانندر ناتھ پرساد، اور سی او سٹی شیخر سنگھ پولیس فورس کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور تفتیش شروع کر دی۔ پولیس نے قاتل کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں اور مختلف زاویوں سے معاملے کی گہرائی سے جانچ جاری ہے۔