ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / غزہ میں اسرائیلی بمباری: 2 دنوں میں 436 شہادتیں، 183 بچے اور 89 خواتین شامل

غزہ میں اسرائیلی بمباری: 2 دنوں میں 436 شہادتیں، 183 بچے اور 89 خواتین شامل

Thu, 20 Mar 2025 11:02:58    S O News

غزہ، 20/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی )اسرائیل نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر تباہ کن حملے شروع کر دیے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 2 دنوں کے دوران 436 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے کئی علاقوں کے شہریوں کو فوری طور پر علاقے خالی کرنے کی دھمکی دی ہے۔ دوسری جانب، وزیراعظم نیتن یاہو نے رمضان المبارک کے دوران کیے گئے وحشیانہ حملوں پر فخریہ انداز میں کہا کہ ’’یہ تو ابھی شروعات ہے۔‘‘ انہوں نے اعلان کیا کہ حماس کے مکمل خاتمے تک حملے جاری رہیں گے۔ تاہم، ان حملوں میں کون نشانہ بن رہا ہے، اس کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف 2 دنوں میں 183 بچے اور 89 سے زائد خواتین شہید ہو چکی ہیں۔ جمعرات کی صبح اسرائیلی طیاروں نے جنوبی غزہ میں بمباری کی، جس میں 14 فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ شمالی غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں کی تعیناتی مزید تباہی کا اشارہ دے رہی ہے۔ صیہونی فورسز نے حملوں کے دوران انسانی اور جنگی اخلاقیات کو روندتے ہوئے خیموں، اسکولوں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی بلند عمارتیں، جن میں ایک 5 منزلہ عمارت بھی شامل ہے، زمین بوس ہو چکی ہیں۔

اس بیچ حماس کے ترجمان اسامہ ہمدان کا کہنا ہے اگر اسرائیل کو لگتا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے معاہدہ بدل جائے گا، تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے معاہدے کو نقصان پہچایا۔ جو نتائج امریکہ اور اسرائیل چاہتے تھے، اب وہ نہیں ہونگے۔

غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے خلاف نیو یارک کے ٹائمز اسکوائر پر مظاہرین نے اپنا احتجاج درج کروایاہے۔ ٹائمز اسکوائر پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی جنہوں نے اسرائیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں پر ہونے والے حملوں کے خلاف ایک بار پھر اپنی آواز بلند کی۔ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غزہ پر فوری حملے روکے جائیں جب کہ مظاہرین نے فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے والے محمود خلیل کو رہا کرنے اور بے دخلی روکنے کا بھی مطالبہ کیا۔ خود اسرائیل کے دارالحکومت یروشلم میں  بھی جنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ 


Share: