ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / علی گڑھ میں گائے کا گوشت لے جانے کے شبہ میں 4 مسلمانوں پر ہجوم کا حملہ، کنٹینر نذرِ آتش

علی گڑھ میں گائے کا گوشت لے جانے کے شبہ میں 4 مسلمانوں پر ہجوم کا حملہ، کنٹینر نذرِ آتش

Mon, 26 May 2025 10:49:08    S O News

علی گڑھ، 26/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) علی گڑھ کے نواحی علاقے میں پیش آئے ہجومی تشدد کے ایک تازہ واقعے نے اقلیتی برادری کی سلامتی پر سنجیدہ خدشات کو جنم دیا ہے۔ اطلاع کے مطابق، سلیم خان اپنے بھتیجے عقیل ابراہیم اور دو دیگر مزدوروں کے ساتھ گوشت سے بھرے ایک کنٹینر میں اتراولی سے علی گڑھ کی ایک منڈی جا رہے تھے۔ دورانِ سفر ان کی گاڑی کو کچھ افراد نے روک لیا، جو مبینہ طور پر ہندوتوا گروہوں سے وابستہ تھے۔ ان لوگوں نے گائے کا گوشت لے جانے کا الزام لگاتے ہوئے چاروں افراد پر بہیمانہ تشدد کیا اور کنٹینر کو آگ کے حوالے کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق، حملہ آوروں نے دعویٰ کیا کہ کنٹینر میں ممنوعہ گوشت ہے اور متاثرین سے 50 ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔ انکار پر لوہے کی سلاخوں، لاٹھیوں اور مکوں سے چاروں افراد کو بری طرح زد و کوب کیا گیا۔ اس پرتشدد واقعے کو کئی افراد نے اپنے موبائل فون سے ویڈیو میں بھی قید کیا، جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

حملے کے دوران ہجوم نے متاثرین کی ایک نہ سنی، اگرچہ انہوں نے مکمل دستاویزات اور گوشت کے قانونی ہونے کے ثبوت دکھائے۔ متاثرین ایک میٹ فیکٹری سے بھینس کا گوشت لے جا رہے تھے، جس کے لیے سلاٹر ہاؤس کا درست گیٹ پاس بھی ان کے پاس تھا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) امرت جین کے مطابق، گوشت کو جانچ کے لیے لیباریٹری میں بھیجا جا چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، شرپسندوں نے صرف حملہ کرنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ کنٹینر کو بھی آگ کے حوالے کر دیا۔ شدید زخمی ہونے والے چاروں افراد کو بعد میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس نے ہردواگنج تھانے میں متاثرین کے اہل خانہ کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں 13 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ مزید 20 سے 25 افراد کو نامعلوم کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ پولیس نے بی این ایس 308 سمیت متعدد دفعات کے تحت کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ ویڈیو شواہد اور گواہوں کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت کی جا رہی ہے۔

بجرنگ دل کے مقامی لیڈروں نے واقعے کے دفاع میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ اسی کنٹینر سے پہلے بھی مبینہ طور پر غیر قانونی گوشت کی ترسیل کی گئی تھی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ دو ہفتے قبل بھی اسی کنٹینر سے متعلق معاملے میں گوشت کے نمونے لیب ٹیسٹ میں قانونی قرار دیے گئے تھے۔


Share: