ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مغربی بنگال اسمبلی میں ہنگامہ، شبھیندو ادھیکاری سمیت 4 بی جے پی ایم ایل اے معطل

مغربی بنگال اسمبلی میں ہنگامہ، شبھیندو ادھیکاری سمیت 4 بی جے پی ایم ایل اے معطل

Tue, 18 Feb 2025 10:27:25    S O News

 کولکاتہ ، 18/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )مغربی بنگال اسمبلی میں آج شدید ہنگامے کے بعد حزب اختلاف کے رہنما اور بی جے پی لیڈر شبھیندو ادھیکاری سمیت تین دیگر بی جے پی اراکین اسمبلی کو معطل کر دیا گیا۔ اسپیکر بیمان بنرجی نے ادھیکاری، اگنی مترا پال، بنکم گھوش اور وشوناتھ کارک کو بجٹ اجلاس کے اختتام تک معطلی کا حکم دیا۔ یہ اراکین اسمبلی ایوان میں احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر کے پوڈیم کے قریب پہنچ گئے تھے اور دستاویزات پھاڑ کر ایوان میں اچھال دی تھیں، جس کے بعد کارروائی کے دوران کشیدگی بڑھ گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اگنی مترا کی طرف سے لائی گئی تحریک التوا پر بحث کرانے سے اسپیکر کے ذریعہ انکار کیے جانے کے بعد شبھیندو ادھیکاری کی قیادت میں دیگر بی جے پی اراکین اسمبلی نے نعرہ بازی شروع کر دی تھی۔ پھر کچھ ہی دیر میں وہ ایوان کے ویل میں چلے گئے۔ اس کے بعد بی جے پی اراکین اسمبلی نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔

قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ کے شروع میں سرسوتی پوجا کے انعقاد کو لے کر ریاست میں کچھ مقامات پر مبینہ طور پر ڈرانے دھمکانے کا معاملہ ظاہر کرنے کے مقصد سے بی جے پی نے تحریک التوا پیش کی تھی۔ اگنی مترا نے اس معاملے میں اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ریاست میں کچھ مقامات پر پولیس سیکورٹی کے ساتھ سرسوتی پوجا کا انعقاد ہونا تھا، جس میں کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم پر کولکاتا میں ایک لاء کالج بھی شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اراکین اسمبلی کا واک آؤٹ ان کی اور کچھ دوسری پارٹی کے اراکین اسمبلی کی طرف سے لائی گئی تحریک التوا پر بحث سے اسپیکر کے منع کیے جانے کے خلاف میں تھا۔


Share: