ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / شمال مشرقی ریاستوں میں موسلا دھار بارش و سیلاب سے شدید تباہی، درجنوں اضلاع متاثر

شمال مشرقی ریاستوں میں موسلا دھار بارش و سیلاب سے شدید تباہی، درجنوں اضلاع متاثر

Mon, 02 Jun 2025 17:18:03    S O News
شمال مشرقی ریاستوں میں موسلا دھار بارش و سیلاب سے شدید تباہی، درجنوں اضلاع متاثر

گوہاٹی، 2 جون (ایس او نیوز / ایجنسی): شمال مشرقی ہند میں مانسون کی آمد نے قہر برپا کر دیا ہے۔ اروناچل پردیش، منی پور، سکم، آسام، تریپورہ اور میزورم میں شدید بارشوں، سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات نے عام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ کئی اضلاع زیر آب آ چکے ہیں، ہزاروں لوگ پھنسے ہوئے ہیں اور انفراسٹرکچر کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔

منی پور کے مختلف اضلاع خاص طور پر امپھال میں ندیوں میں طغیانی اور مسلسل بارش کے باعث حالات انتہائی سنگین ہو چکے ہیں۔ کئی مقامات پر ندیوں کے کنارے ٹوٹنے سے نچلے علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ مغربی امپھال کے گھروں میں پانی داخل ہو چکا ہے، کھیت تباہ ہو چکے ہیں اور سڑکیں زیر آب آ جانے کے سبب آمد و رفت مکمل طور پر مفلوج ہو گئی ہے۔ ہزاروں لوگ محصور ہیں۔ حالات کے پیش نظر فوج اور آسام رائفلس کے دستے تعینات کیے گئے ہیں، جو دن رات ریسکیو کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ اس مشن کو ’آپریشن جل راحت-2‘ کا نام دیا گیا ہے۔

سکم کے سنگتام سمیت دیگر علاقوں میں مسلسل بارش سے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ سنگتام میں سڑک کنارے ایک بڑا حصہ پہاڑ سے گر پڑا، تاہم مقامی لوگوں نے بروقت خبردار کر کے بڑی جان لیوا حادثے کو ٹال دیا۔ ریاست میں کئی سڑکیں سیلاب کے باعث بند ہو چکی ہیں اور شہروں کی حالت انتہائی خراب ہو گئی ہے۔

آسام کے شری بھومی، سلچر، جورہاٹ، گولا گھاٹ، بوکا کھاٹ اور لکھیم پور جیسے اضلاع میں مانسون کا قہر جاری ہے۔ ڈفلو ندی میں طغیانی کے باعث نیشنل ہائی وے-57 کا ایک حصہ زیر آب آ گیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست کے 15 اضلاع میں تقریباً 80 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ نے ریاستی وزرائے اعلیٰ سے رابطہ کر کے ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اروناچل پردیش کے سبن سیری ضلع میں شدید بارش اور زمین کھسکنے سے تقریباً 80 مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔ ایک ہی خاندان کے 7 افراد کی موت کی افسوسناک اطلاع موصول ہوئی ہے، جبکہ متعدد علاقے مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔

تریپورہ میں وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور راحت کاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ میزورم کے دارالحکومت آئزول میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔

مانسون کی آمد اس مرتبہ شمال مشرقی ریاستوں کے لیے آزمائش بن گئی ہے۔ سیلاب، بارش اور زمین کھسکنے کے سبب نہ صرف انسانی جان و مال کا بھاری نقصان ہوا ہے بلکہ روزمرہ کی زندگی بھی درہم برہم ہو گئی ہے۔ ریاستی و مرکزی حکومت کی جانب سے راحت و بچاؤ کے اقدامات جاری ہیں۔


Share: