ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اتراکھنڈ میں بارش سے سانگ ندی میں طغیانی، پہاڑی کا حصہ گرنے سے سڑکیں بلاک

اتراکھنڈ میں بارش سے سانگ ندی میں طغیانی، پہاڑی کا حصہ گرنے سے سڑکیں بلاک

Mon, 05 May 2025 18:35:00    S O News

دہرادون، 5/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) اتراکھنڈ میں اتوار کے روز موسم میں اچانک تبدیلی دیکھنے کو ملی، جب تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہوگئی۔ اس غیر متوقع بارش کے نتیجے میں کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ کر گر گئے۔ رشی کیش-بدری ناتھ ہائی وے پر شیو پوری کے قریب بارش کے باعث پہاڑ کا بڑا حصہ سرک کر نیچے آ گیا، جس سے سڑک بند ہو گئی۔ اس واقعے کا ویڈیو بھی سامنے آیا، جس میں سڑک پر ملبہ جمع ہونے کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت میں شدید مشکلات پیش آئیں۔

راستے میں رکاوٹ کی وجہ سے سڑک کی دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ لوگوں نے اچانک آئے ملبہ میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے کی کوشش کی۔ خوش قسمتی سے کسی بھی شخص کے اس واقعہ میں زخمی ہونے کی خبر نہیں ہے۔ معاملے کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے راحت اور بچاؤ کام شروع کیا اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم بھی بعد میں موقع پر پہنچی۔

دہرہ دون میں بھی کئی مقامات پر بارش کا اثر دیکھنے کو ملا۔ مال دیوتا میں ندی کے کنارے پکنک منا رہے کئی لوگوں نے وقت رہتے خود کو بچایا۔ ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شام 5:30 بجے مال دیوتا کے پاس بادل پھٹنے سے سانگ ندی میں پانی کی سطح اچانک بڑھ گئی، لیکن سبھی لوگ محفوظ بتائے جا رہے ہیں۔

مسوری علاقے میں اتوار کو ہوئی موسلا دھار بارش نے عام زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ یہاں جھرنے میں پانی کے ساتھ بڑے پیمانے پر پہاڑی سے ملبہ اور پتھر بہہ کر جھیل میں جمع ہو گئے۔ ٹیونی-ملیتھا شاہراہ کچھ وقت کے لیے کیمپٹی میں ملبہ آنے سے آمد و رفت کے لیے متاثر رہی۔ اتوار کی دوپہر بعد کیمپٹی علاقے میں جم کر بارش ہوئی جس نے کیمپٹی فال کو اُبال پر لا دیا۔ حالانکہ ان واقعات میں کسی جان و مال کے نقصان کی اطلاع ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی پہاڑی اور میدانی ضلعوں کے کچھ جگہوں پر ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ کہیں کہیں پہاڑی علاقوں میں گرج و چمک کے ساتھ تیز بارش اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھونکے دار ہوائیں چل سکتی ہیں۔ موسم کے مزاج کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے چاردھام یاترا پر نکلے عقیدت مندوں کو ہوشیار رہنے کی صلاح دی ہے۔


Share: