ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اتراکھنڈ میں موسلا دھار بارش کے بعد سیلاب، کئی علاقے متاثر، 2 افراد لاپتہ، اسکول بند

اتراکھنڈ میں موسلا دھار بارش کے بعد سیلاب، کئی علاقے متاثر، 2 افراد لاپتہ، اسکول بند

Sat, 23 Aug 2025 19:17:56    S O News

چمولی ، 23 اگست 2025 (ایس او نیوز / ایجنسی)اتراکھنڈ  کے ضلع چمولی میں جمعہ کی رات ہوئی طوفانی بارش کے بعد تھرالی قصبے میں نالے اُبل پڑے جس سے کئی گھروں اور بازاروں میں ملبہ بھر گیا۔ تنری گاڈھیرا نامی خشک نالا بارش کے پانی سے لبریز ہوکر تحصیل دفتر تک ملبہ لے آیا اور پھر پنڈار ندی میں جا ملا۔

سیلابی ریلے نے دھارالی گاؤں کو شدید نقصان پہنچایا اور آدھا گاؤں کیچڑ، پتھروں اور پانی کے تیز بہاؤ میں دب گیا۔ یہ گاؤں گنگوتری کے راستے کا اہم پڑاؤ ہے جہاں کئی ہوٹل اور ہوم اسٹے واقع ہیں۔

سرکاری اطلاع کے مطابق ساگواڑہ اور چیپڈون بازار علاقے سے دو افراد لاپتہ ہیں، جن میں 20 سالہ لڑکی کویتا بھی شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صورتحال پر خود نظر رکھے ہوئے ہیں۔

چمولی کے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ وویک پرکاش نے بتایا کہ تھرالی اور آس پاس کے علاقوں میں ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (SDRF) اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ روانہ ہوئیں مگر سڑک بند ہونے کے باعث رکی ہوئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے راحت کیمپ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق کارناپریاگ-گوالڈم نیشنل ہائی وے سمیت تھرالی-ساگواڑہ اور ڈونگری موٹر سڑک ملبے کی وجہ سے بند کر دی گئی ہیں۔ حکومت کے حکم پر تین بلاکوں کے اسکول ہفتہ کے دن بند رکھے گئے۔

یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب چند ہفتے قبل اُترکاشی ضلع میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ایک ہلاکت اور 65 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی تھی۔


Share: