ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو: کار ڈیوائیڈر پھلانگ کر بس سے ٹکرا گئی؛ پانچ نوجوان ہلاک

بنگلورو: کار ڈیوائیڈر پھلانگ کر بس سے ٹکرا گئی؛ پانچ نوجوان ہلاک

Sun, 15 Feb 2026 12:51:15    S O News
بنگلورو: کار ڈیوائیڈر پھلانگ کر بس سے ٹکرا گئی؛ پانچ نوجوان ہلاک

بنگلورو، 15 فروری (ایس او نیوز): بنگلورو کے مضافاتی علاقے نیلمَنگلا میں جندال فلائی اوور کے قریب ایک ہولناک سڑک حادثے میں پانچ نوجوان جاں بحق ہوگئے، جب ان کی کار ڈیوائیڈر پھلانگ کر سامنے سے آنے والی KSRTC  (کے ایس آر ٹی سی)  بس سے ٹکرا گئی۔

حادثہ ہفتہ کی دیر رات تقریباً 11:30 بجے پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق انڈیکا کار میں سوار پانچوں نوجوان ٹمکور کی جانب سے بنگلورو آرہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا۔ کار اچانک ڈیوائیڈر عبور کرتے ہوئے مخالف سمت سے آرہی بس سے جا ٹکرائی۔

حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ چار نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ شدید زخمی ڈرائیور کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی بھی موت ہوگئی۔ مہلوکین کی شناخت درگا پرساد (20)، کیشو (19)، للیت (22)، ہرشیت (20) کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ ایک نوجوان کی شناخت ابتدائی طور پر نہیں ہو سکی تھی۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق ہرشیت اور نکھیت کا تعلق ڈوڈابالاپور سے بتایا گیا ہے۔ پولیس مزید شناختی کارروائی میں مصروف ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ہرشیت، راجناکنٹے میں واقع کالج میں ڈگری کے دوسرے سال کا طالب علم تھا۔ وہ رات تقریباً 8:30 بجے گھر سے یہ کہہ کر نکلا تھا کہ دوست سے مل کر واپس آجائے گا۔

تصادم کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جبکہ بس کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا۔ تاہم بس میں سوار تقریباً 42 سے 45 مسافر محفوظ رہے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

پانچوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے نیلمَنگلا سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور ابتدائی تفتیش میں تیز رفتاری کو حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تمام نوجوان آپس میں دوست تھے اور تفریحی سفر پر نکلے تھے کہ واپسی کے دوران یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔

قابلِ ذکر ہے کہ دو روز قبل ہی بنگلورو دیہی ضلع کے ہوسکوٹے علاقے میں پیش آئے ایک اور بھیانک حادثے میں سات افراد، جن میں طلبہ بھی شامل تھے، جان کی بازی ہار گئے تھے۔ اس سانحے کی یاد ابھی تازہ ہی تھی کہ نیلمَنگلا کا یہ واقعہ ایک بار پھر شاہراہوں پر بڑھتی تیز رفتاری اور لاپرواہی پر سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے۔


Share: