اُڈپی، 19/ نومبر (ایس او نیوز) ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (یعنی ایس آئی آر) کے عمل کو منسوخ کرنے اور اہل ووٹروں کے حق رائے دہی کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کی اُڈپی ضلعی کمیٹی کی جانب سے بدھ کو شہر کے اجارکاڈو میں واقع شہداء یادگار کے قریب بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔
اس موقع پر مظاہرین نے تشویش ظاہر کی کہ ایس آئی آر کے عمل کے نتیجے میں بڑی تعداد میں اہل ووٹروں کے نام ووٹر فہرستوں سے خارج ہونے کا خدشہ ہے، جس سے انہیں آئین کی جانب سے دیے گئے حق رائے دہی سے محروم ہونا پڑسکتا ہے۔
احتجاجیوں نے مطالبہ کیا کہ ووٹروں کے بنیادی جمہوری حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایس آئی آر کے عمل کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور ووٹر فہرستوں سے خارج ہونے والے تمام اہل ووٹروں کے نام دوبارہ شامل کیے جائیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ان کے عہدے سے برطرف کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔