ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کلبرگی میں کروزر اور لاری میں ٹکر، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

کلبرگی میں کروزر اور لاری میں ٹکر، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

Sat, 23 May 2026 18:30:06    S O News
کلبرگی میں  کروزر اور لاری میں ٹکر، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

کلبرگی، 23/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)کلبرگی ضلع کے چتّا پور تعلقہ میں واڈی کے قریب قومی شاہراہ نمبر 150 پر جمعہ کی دیر رات ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ کروزر گاڑی اور ایک لاری کے درمیان پیش آیا۔ مہلوکین کی شناخت محمد حسین (60)، فاطمہ عبدالصاب (40)، رسول بی (40)، محبوب سنگاوی (37) اور کروزر ڈرائیور طولو پاشا (24) کے طور پر کی گئی ہے۔ تمام افراد چتّا پور تعلقہ کے انگلاگی گاؤں کے رہنے والے بتائے گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق محمد عبدالصاب نامی ایک نوجوان کو رات کے وقت فالج کا حملہ ہونے کے بعد علاج کے لیے یادگیر کے اسپتال لے جایا گیا تھا۔ مریض کو اسپتال میں داخل کرانے کے بعد واپسی کے دوران کروزر گاڑی میں ڈرائیور سمیت پانچ افراد موجود تھے۔

بتایا جاتا ہے کہ رات تقریباً 11:40 بجے لادلہ پور کے قریب سامنے سے آنے والی تمل ناڈو رجسٹریشن کی لاری اور کروزر کے درمیان زور دار ٹکر ہوگئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کروزر گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار پانچوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ واڈی پولیس اسٹیشن کے افسران کے علاوہ ڈی وائی ایس پی شنکر گوڑا پاٹل، سی پی آئی سی ایس پاٹل اور دیگر پولیس حکام نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔


Share: