نئی دہلی، 25 /اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل نے الزام عائد کیا ہے کہ ووٹر لسٹوں میں ہیرا پھیری کر کے جمہوریت کی بنیاد کو کمزور کیا جا رہا ہے اور اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس کے خلاف متحدہ محاذ قائم کریں۔
ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے سبل نے بہار اسمبلی انتخابات سے قبل اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کرائے جانے پر سوال اٹھایا اور کہا کہ یہ لڑائی یہیں ختم نہیں ہوگی بلکہ پورے ملک میں پھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس، ترنمول کانگریس اور انڈین یونین مسلم لیگ کو جمہوریت کے تحفظ کے لیے متحد ہونا ہوگا، کیونکہ یہی واحد راستہ ہے جس سے ملک کو بچایا جا سکتا ہے اور 2014 سے جاری "زہریلے اور جابرانہ دورِ حکومت" کا خاتمہ ممکن ہے۔
اس موقع پر سماج وادی پارٹی اور ڈی ایم کے کے رہنما بھی موجود تھے۔ سبل نے کہا کہ SIR کا اصل مقصد ووٹر لسٹوں میں ہیرا پھیری ہے، جو ہندوستانی جمہوری نظام کی بنیاد ہے۔ اگر ووٹر لسٹیں شفاف نہ ہوں تو منصفانہ انتخابات ممکن نہیں رہتے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ووٹر لسٹوں میں یہ چھیڑ چھاڑ دراصل اس خوف کی وجہ سے کی جا رہی ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں شکست نہ ہو جائے۔ ان کے مطابق مہاراشٹر میں ووٹرز کو شامل کر کے اور بہار میں نام کاٹ کر حکمران جماعت کو فائدہ پہنچایا گیا تاکہ اقتدار برقرار رکھا جا سکے۔