ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / جدہ میں بھٹکل کمیونٹی کے تحت منعقد ہوئی جناب محمد یاسین عسکری کے لئے الوداعی تقریب

جدہ میں بھٹکل کمیونٹی کے تحت منعقد ہوئی جناب محمد یاسین عسکری کے لئے الوداعی تقریب

Sun, 27 Apr 2025 09:37:42    S O News
جدہ میں بھٹکل کمیونٹی کے تحت منعقد ہوئی جناب محمد یاسین عسکری کے لئے الوداعی تقریب

جدہ ،27 / اپریل (ایس او نیوز) سماجی اور جماعتی زندگی میں نہایت فعال اور سرگرم رہنے والی معروف شخصیت جناب محمد یاسین عسکری کے لئے بھٹکل کمیونٹی جدہ (BCJ) کی جانب سے ایک خصوصی الوداعی نشست کا اہتمام کیا گیا ۔ 
    
اپنے بانی رکن اور سابق صدر جناب محمد یاسین عسکری کے لئے منعقدہ خصوصی ایگزیکٹیو میٹنگ میں اجتماعی زندگی کے لئے ان کی 36 سال کی شاندار خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا کہ  جناب یاسین عسکری ہماری اجماعتی زندگی کا سنگ بنیاد ہیں ۔ بھٹکل کمیونٹی جدہ کے ابتدائی ایگزیکٹیو ممبروں میں سے ایک ہونے سے لے کر صدر کی حیثیت سے قیادت کرنے اور متعدد دیگر اہم ذمہ داریوں کو نبھانے تک، کمیونٹی کی ترقی اور اتحاد میں ان کا تعاون مثالی رہا ہے ۔
    
جناب یاسین عسکری کے تعلق سے کہا گیا کہ ان کی سرگرمیاں صرف ہمارے ادارے تک ہی محدود نہیں تھیں- انہوں نے وسیع تر کمیونٹی کے مختلف پلیٹ فارمز میں فعال طور پر حصہ لیا اور جہاں کہیں بھی ضرورت ہوئی اپنی رہنمائی اور بھرپور تعاون پیش کرتے رہے ۔ ان کے عزم، خلوص اور قیادت نے ان تمام لوگوں کے دلوں پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں جنہوں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے۔

الوداعی تقریب کے دوران انہیں تحسین، ستائش اور شکر گزاری کے طور پر ایک یادگار تحفہ، گلدستہ اور سپاس نامہ پیش کیا گیا۔ میٹنگ میں موجود اراکین نے جناب یاسین عسکری کے تعلق سے اپنے احساسات اور دلی تاثرات کا اظہار کیا۔ ان کی مستقبل کی کاوشوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ۔

آخر میں بھٹکل کمیونٹی جدہ کی جانب سے جناب محمد یاسین عسکری صاحب کی بے لوث خدمات اور غیر متزلزل لگن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے آنے والے دنوں میں ان کی صحت، خوشی اور کامیابی کے لیے نیک تمناوں اور دعائیہ کلمات سے نوازا گیا ۔

اس موقع پر جماعت کے صدر قمر سعدا، جنرل سکریٹری فیضان شابندری، سرگرم رکن عبدالسلام دامدا ابو، عبیداللہ عسکری، نعمان صاحب ودیگر کئی اراکین موجود تھے 

1000665208.jpg

Share: