نئی دہلی، 27/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ایک طرف ایس آئی آر سے متعلق اپوزیشن پارٹیاں طرح طرح کے خدشات ظاہر کر رہی ہیں، اور دوسری طرف مختلف ریاستوں میں مجموعی طور پر درجنوں بی ایل او کی اموات کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔ اس درمیان کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے الیکشن کمیشن پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ بذات خود ووٹ چوری کے عمل میں ملوث ہے۔ انھوں نے یہ تلخ تبصرہ مشہور میڈیا ادارہ ’اے بی پی‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ اس گفتگو پر مبنی ویڈیو کے کچھ حصے کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کیے ہیں۔
ویڈیو میں کانگریس صدر کھرگے کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ ’’ایک طرف ایس آئی آر میں بہت ساری خامیاں ہیں، دوسری طرف بی ایل او پر بہت دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ سچائی یہی ہے کہ الیکشن کمیشن خود ہی ’ووٹ چوری‘ کروا رہا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’الیکشن کمیشن کا کام صاف ستھری ووٹر لسٹ تیار کرنا ہے۔ ووٹر لسٹ میں جن کا نام نہیں ہے، ان کا نام جوڑنا ہے۔ اس کے برعکس وہ ووٹر لسٹ میں دلتوں، پسماندوں، قبائلیوں اور اقلیتوں کے نام کاٹ رہا ہے۔‘‘
الیکشن کمیشن کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کانگریس صدر کہتے ہیں کہ ’’الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ میں گڑبڑی کرتا ہے اور انتخاب کے دن نئی ووٹر لسٹ تھما دیتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہماری لڑائی ای وی ایم کے خلاف بھی ہے۔ الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ میں گڑبڑی رہا ہے اور ای وی ایم کے ذریعہ ’ووٹ چوری‘ کو انجام دے رہا ہے۔‘‘ انھوں نے موجودہ وقت میں ہندوستانی آئین کو لاحق خطرہ کا ذکر بھی اپنی گفتگو کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ہم آئین کا احترام کرتے ہیں اور اسے بچانے کے لیے لڑتے رہیں گے۔ راہل گاندھی جی نے ملک بھر میں آئین کو بچانے کی بات کی اور لوگوں کو بیدار کیا۔‘‘
آئین بنانے والے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس صدر کھرگے نے کہا کہ ’’ڈرافٹنگ کمیٹی کے سربراہ رہے ڈاکٹر امبیڈکر نے ملک کے شہریوں کے مفاد میں آئین بنایا، لیکن آج بی جے پی آئین کی دھجیاں اڑانے کا کام کر رہی ہے۔ مودی حکومت ایک طرف آئین کی بے حرمتی کرتی ہے، دوسری طرف یومِ آئین منانے کا ڈھونگ کرتی ہے۔‘‘ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’آج ملک میں غریبوں کو صحیح ڈھنگ سے ریزرویشن نہیں مل رہا ہے، نوجوان بے روزگار ہیں۔ آئین کو جلانے اور منوسمرتی کی بات کرنے والے بی جے پی کے لوگ آج آئین کی حفاظت کی بات کرتے ہیں۔ درحقیقت یہ صرف دِکھاوا ہے۔‘‘