ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جعلی ووٹروں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ

جعلی ووٹروں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ

Tue, 18 Mar 2025 13:43:30    S O News

نئی دہلی، 18/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)  ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی جانب سے جعلی ووٹروں کا معاملہ اٹھانے کے بعد الیکشن کمیشن نے سخت قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت کمیشن اپنے سافٹ ویئر میں کچھ اہم تبدیلیاں کرنے جا رہا ہے تاکہ جعلی ووٹروں کی نشاندہی کی جا سکے۔ الیکشن کمیشن نے ایک نیا آپشن شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ذریعے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز کسی بھی اپیک نمبر سے منسلک کئی ناموں کا پتا لگا سکیں گے۔

اس سے جعلی ووٹروں کو پکڑنا آسان ہو جائے گا۔ ایک الیکشن افسر نے بتایا کہ تمام ریاستوں کے چیف الیکشن افسران کو اس فیصلے کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔ پیر کے روز تمام انتخابی افسران کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر خط بھیج دیا گیا ہے۔ مغربی بنگال کے قائم مقام چیف الیکشن افسر دیبیندو داس نے پیر کو سینئر افسران کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ کی، جس میں فیصلے کی مکمل تفصیلات دی گئیں۔

مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ میں اصلاحات کا عمل 21 مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا۔ حال ہی میں ٹی ایم سی لیڈر ابھیشیک بنرجی نے الزام لگایا کہ 2014 میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے الیکشن کمیشن کی غیر جانبدارانہ حیثیت متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے 2026 کے اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی اور ریاست میں ووٹر لسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کا پتا لگانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک ورچوئل میٹنگ میں یہ بات کہی۔

اس میٹنگ میں ٹی ایم سی کی ریاستی کمیٹی کے رہنما، ارکانِ پارلیمنٹ، ایم ایل اے اور مقامی نمائندے موجود تھے۔ کولکتہ میں ٹی ایم سی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ، میرے پاس ثبوت ہیں کہ بنگال میں ایک ایجنسی کام کر رہی ہے، جو ووٹر لسٹ میں بنگال کے ووٹروں کے ناموں کو ہریانہ، گجرات اور دیگر ریاستوں کے لوگوں کے ساتھ بدل رہی ہے، جبکہ ووٹر آئی ڈی نمبر وہی رہتے ہیں۔ ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ یہ سب براہ راست دہلی سے کیا جا رہا ہے۔ اسی طریقے سے بی جے پی نے مہاراشٹر، ہریانہ اور دہلی میں کامیابی حاصل کی۔
 


Share: