ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بینگلور : آوارہ کتوں کے حملے میں ایک شخص کی موت

بینگلور : آوارہ کتوں کے حملے میں ایک شخص کی موت

Wed, 30 Jul 2025 13:00:22    S O News

بینگلورو، 30 / جولائی (ایس او نیوز) کیمپے گوڈا نگر میں مشتبہ طور پر آوارہ کتوں کے حملے میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے ۔ 
    
موصولہ معلومات کے مطابق یہ واقعہ کوڈیگے ہلّی میں صبح  3.30 بجے قریب پیش آیا ہے ۔ چونکہ یہ ایک سنسان علاقہ ہے اور یہاں دور دور تک سی سی ٹی وی کیمرے نہ رہنے کی وجہ سے اس شخص کی موت کے حقیقی اسباب جاننے کے لئے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے ۔
    
رات کے وقت گشت کر رہی پولیس ٹیم کو سڑک پر خون میں لت پت حالت ملنے والے شخص کی شناخت سیتپّا کوڈیگے ہلّی کے طور پر کی گئی ہے جو اپنے علاقے میں دودھ سپلائی کرتا تھا ۔ مبینہ طور پر اس کے گھر سے تقریباً دو سو میٹر کی دوری پر آٹھ سے نو آوارہ کتوں کے جھنڈ نے اس پر حملہ کر دیا ۔ پولیس نے زخمی حالت میں پڑے ہوئے سیتپّا کو یلہنکا میں واقع سرکاری اسپتال میں پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت واقع ہونے کی تصدیق کر دی ۔ 
    
کتوں کے حملے میں فوت ہونے والے شخص کے بیٹے وینکٹیش نے کہا کہ جس مقام پر حملہ ہوا تھا وہاں موجود عمارت کی پہلی منزل پر رہنے والی ایک خاتون نے اسے بتایا کہ سیتپّا کی چیخیں سن کر وہ جاگ پڑی اور نیچے جھانکنے پر اس نے سیتپّا پر کتوں کو حملہ کرتے ہوئے دیکھا مگر وہ بے بس تھی اس لئے اس نے  کتوں کو بھگانے کے لئے اپنی کھڑکی میں سے ان کے اوپر پانی پھینکا ۔ اس وجہ سے کچھ کتے موقع پر سے بھاگ گئے اور اس کے بعد پولیس پہنچ گئی جس نے زخمی سیتپّا کو اسپتال میں منتقل کیا ۔ 
    
اس واقعہ کے رد عمل میں برہت بینگلورو مہا نگر پالیکے کے اسپیشل کمشنر(اینیمل ہسبنڈری) سورلکر وکاس کشور نے بتایا کہ اس علاقے کا سروے کرنے کے بعد 16 آوارہ کتوں کو پکڑ کر ان کے اندر بیماری کی علامات جانچنے کے لئے نگہداشت میں رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ "اس علاقے میں ہماری طرف سے کتوں کی ٹیکہ کاری اور نس بندی کا پروگرام اچھے طریقے سے کیا گیا ہے ۔"
    
ایک دوسرے سینئر آفیسر نے بتایا کہ "رات میں سنسان راستے پر 3:30 بجے کے وقت بھوکے کتوں کے سامنے سے  کمبل اوڑھ کر گزرنے والے شخص کو ایک کتے نے اس پر حملہ کیا ہوگا پھر پورا جھنڈ اس حملے میں شامل ہوگیا ہوگا ۔"


Share: