ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اروناچل پردیش کے سرکاری رہائشی اسکول میں آتشزدگی، 10 سالہ طالب علم جاں بحق، تین زخمی

اروناچل پردیش کے سرکاری رہائشی اسکول میں آتشزدگی، 10 سالہ طالب علم جاں بحق، تین زخمی

Sun, 24 Aug 2025 20:59:21    S O News

گوہاٹی  24 اگست (ایس او نیوز) اروناچل پردیش کے ضلع شی یومی کے ایک سرکاری رہائشی اسکول میں پیش آنے والے دلخراش حادثے میں اتوار کی علی الصبح 10 سالہ طالب علم آگ کی لپیٹ میں آکر ہلاک ہوگیا جبکہ تین دیگر بچے شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ حادثہ پاپی کرنگ گورنمنٹ ریزیڈنشیل اسکول کے لڑکوں کے ہاسٹل میں رات تقریباً 2 بجے پیش آیا، جس نے پورے ہاسٹل کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔ مرنے والے بچے کی شناخت تانشی جیمپن ساکن گاؤں چانگو کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والے طلبہ میں لوکھی پوجن (8)، تنو پوجن (9) اور تائی پوجن (11) شامل ہیں۔ زخمی طلبہ کو ویسٹ سیان ضلع کے آلو کے زونل جنرل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔

حادثے کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔ یہ ہاسٹل پاپی کرنگ گاؤں میں واقع ہے، جو ضلع شی یومی کے سرحدی علاقے میں تداڈیگے کے قریب ہے اور چین کی سرحد کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ حکام نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے اور کسی قسم کی لاپرواہی کے پہلو کو ختم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اس واقعے پر ریاستی وزیر تعلیم و مقامی رکن اسمبلی پاسانگ دورجی سونا نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا: ’’شی یومی ضلع کے پاپی کرنگ اسکول کے لڑکوں کے ہاسٹل میں رات ایک بجے سے دو بجے کے درمیان پیش آنے والے آتشزدگی کے حادثے نے ایک کمسن طالب علم کی جان لے لی جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔ آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے اور ہاسٹل مکمل طور پر جل کر خاک ہوگیا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت متاثرہ بچوں اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن راحت اور مدد فراہم کرے گی تاکہ اس مشکل گھڑی میں انہیں سہارا دیا جا سکے۔ وزیر نے جاں بحق طالب علم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم سب اس غم میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔‘‘
حکام نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن راحت اور مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔


Share: