نئی دہلی ، 18/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) الیکشن کمیشن نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ای وی ایم بیلٹ پیپر سے متعلق نئی گائیڈلائن جاری کر دی ہے۔ اس نئی گائیڈلائن کے مطابق ای وی ایم میں اب امیدواروں کی رنگین تصویر دیکھنے کو ملے گی۔ ساتھ ہی اس میں نمبر شمار بھی زیادہ واضح دکھائی دے گا۔ اس گائیڈلائن پر عمل درآمد بہار اسمبلی انتخاب سے ہی شروع ہو جائے گا۔ یہ پیش قدمی انتخابی عمل کو بہتر بنانے اور ووٹرس کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے الیکشن آپریشن رول 1961 کے ’رول 49 بی‘ کے تحت موجودہ گائیڈلائنس میں ترمیم کی ہے۔ گائیڈلائن میں ترمیم کے بعد اب ای وی ایم بیلٹ پیپر پر امیدواروں کی تصویریں رنگین شائع ہوں گی۔ امیدوار کا چہرہ تصویر کے تین چوتھائی حصے پر ہوگا تاکہ پورا صاف صاف دکھائی دے۔ امیدواروں/نوٹا کے سیریل نمبر بھی واضح اور 30 پوائنٹس کے فونٹ سائز میں اور بولڈ حروف میں ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سبھی امیدواروں/نوٹا کے نام یکساں فونٹ اور سائز میں پرنٹ کیے جائیں گے تاکہ آسانی سے پڑھا جا سکے۔ ای وی ایم بیلٹ پیپر 70 جی ایس ایم صفحات پر پرنٹ کیے جائیں گے۔ اسمبلی انتخابات کے لیے آر جی بی مجموعہ والے گلابی رنگ کے کاغذ کا استعمال کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ بہار اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخوں کا آفیشیل اعلان نہیں ہوا ہے، لیکن اکتوبر یا نومبر کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں انتخاب کرایا جا سکتا ہے۔ انتخاب کی تاریخ دیوالی اور چھٹھ کو توجہ میں رکھ کر طے کی جائے گی۔ موجودہ اسمبلی کی مدت کار 22 نومبر 2025 کو ختم ہو رہی ہے، اس لیے انتخابی عمل اس سے پہلے پورا ہو جائے گا۔