ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی اسمبلی انتخاب: بی جے پی کے پرویش ورما کے خلاف کارروائی کی ہدایت، الیکشن کمیشن کا دہلی پولیس کو حکم

دہلی اسمبلی انتخاب: بی جے پی کے پرویش ورما کے خلاف کارروائی کی ہدایت، الیکشن کمیشن کا دہلی پولیس کو حکم

Tue, 14 Jan 2025 12:04:18    S.O. News Service

نئی دہلی  ، 14/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخاب کی سرگرمیاں جاری ہیں اور اسی دوران بی جے پی کو ایک بڑا دھچکا لگا جب نئی دہلی اسمبلی حلقہ سے اس کے امیدوار پرویش ورما کے خلاف کارروائی کا حکم الیکشن کمیشن نے دیا۔ الیکشن کمیشن نے دہلی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرویش ورما کے خلاف کارروائی کرے، اور یہ حکم پرویش ورما کی طرف سے پیسے تقسیم کرنے کے معاملے میں جاری کیا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں شکایت کی تھی، جس کے بعد یہ کارروائی کی ہدایت دی گئی۔

ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 ہندی ڈاٹ کام‘ نے الیکشن کمیشن کے ذریعہ دہلی پولیس کو دی گئی ہدایت سے متعلق رپورٹ شائع کی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی، پنجاب کے ان کے ہم منصب بھگونت مان، عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ و دیگر کی قیادت میں عآپ کے نمائندہ وفد نے الیکشن کمشنر سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران پرویش ورما کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا، اور کچھ گھنٹوں بعد ہی اس کا اثر دیکھنے کو ملا ہے۔

کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ بی جے پی کی ’ہر گھر نوکری‘ مہم کو لے کر پرویش ورما کی سرگرمی نے ان کے لیے مصیبت کھڑی کر دی ہے۔ دراصل پرویش ورما نے اس مہم کے لیے لوگوں کا اندراج کرنے کے مقصد سے کچھ مقامات پر کیمپ لگائے تھے۔ یہ عمل دہلی میں اسمبلی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کرنے کے بعد ہوا تھا، یعنی بی جے پی لیڈر کے ذریعہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی۔ اس معاملے میں بھی عآپ کے نمائندہ وفد نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔


Share: