اتراکھنڈ، 25/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)اُترکاشی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے ہیں۔ ہفتہ کی صبح 5:48 بجے زلزلے کا ہلکا جھٹکا آیا، جس کا مرکز تحصیل ڈونڈا کے گاؤں کھرکوٹ اور بھرن گاؤں کے درمیان واقع جنگلی علاقے میں تھا۔ اس سے قبل جمعہ کو بھی یہاں تین زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ لگاتار زلزلوں کے سبب لوگ شدید خوف کا شکار ہیں اور اپنی حفاظت کے بارے میں فکر مند ہیں۔ اسی دوران، انتظامیہ نے آفات کے انتظامی نظام کو مکمل طور پر الرٹ کر دیا ہے۔ ابھی تک زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
اتر کاشی میں زلزلہ کے جھٹکوں کے بعد انتظامیہ نے فوری کارروائی کی ہے۔ محکمہ آفات انتظامیہ نے ایس ڈی آر ایف کی ایک ٹیم کو موقع پر بھیج دیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کے آفات سے نپٹنے کے لیے وہ مستعد رہیں۔ یہ ٹیم لینڈ سلائیڈنگ زون اور زلزلہ سے متاثر علاقوں میں نگرانی رکھے گی اور ضرورت پڑنے پر راحت کا کام شروع کیا جائے گا۔
زلزلہ کے جھٹکوں کے بعد اُتر کاشی کے وروناوت لینڈ سلائیڈنگ زون سے پتھر گرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ ان پتھروں کے گرنے سے لوگوں کے درمیان خوف کا ماحول بنا ہوا ہے کیونکہ یہ پتھر کسی بھی وقت سڑک کے راستے پر گر سکتے تھے، جس سے آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی تھی۔ انتظامیہ نے اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ خطرے سے نپٹنے کے انتظامات کو بڑھایا ہے۔
واضح ہو کہ جمعہ کو ضلع ہیڈکوارٹر سمیت منیری، بھٹواڑی اور ڈونڈا علاقے میں زلزلہ کے تین جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ ان جھٹکوں سے دن بھر لوگوں میں خوف کا ماحول بنا رہا۔ زلزلہ کا پہلا جھٹکا صبح 7:41 بجے محسوس ہوا، جس کی شدت 2 اعشاریہ 7 تھی، اس کا مرکز اتر کاشی ضلع میں ہی تھا۔ اس کے بعد دوسرا جھٹکا 8:19 بجے آیا، جس کی شدت 3 اعشاریہ 5 درج کی گئی جبکہ تیسرا جھٹکا 10:59 بجے محسوس ہوا لیکن اس کی شدت بہت ہلکی تھی جسے ریختر پیمانے پر درج کرنا ممکن نہیں ہو سکا۔ زلزلہ کے ان جھٹکوں کے بعد لوگوں میں افرا تفری کا ماحول تھا۔