ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / نیوزی لینڈ میں طاقتور زلزلہ، سونامی کا خدشہ، ہائی الرٹ جاری

نیوزی لینڈ میں طاقتور زلزلہ، سونامی کا خدشہ، ہائی الرٹ جاری

Tue, 25 Mar 2025 16:28:36    S O News

ویلنگٹن ، 25/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)  نیوزی لینڈ کے ریورٹن ساحل کے قریب منگل کو 7 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا، جس کا مرکز زمین کی سطح سے 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ یونائیٹڈ اسٹیٹس جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق، زلزلے کے جھٹکے ریورٹن سے 159 کلومیٹر مغرب-جنوب مغرب میں محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے بعد حکام نے سونامی کا الرٹ جاری کر دیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور سونامی کی صورت میں ساحلی علاقوں کو بروقت آگاہ کرنے کے انتظامات کر رہی ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ اگر سونامی آئی تو اسے نیوزی لینڈ تک پہنچنے میں کم از کم ایک گھنٹہ لگے گا۔

ابھی تک زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ تاہم، حکام کا کہنا ہے کہ آفٹر شاکس (بعد از زلزلہ جھٹکوں) کا امکان ہے، جس کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ چونکہ دنیا کے سب سے زیادہ زلزلہ خیز علاقوں میں شامل ہے، اس لیے یہاں اس طرح کے زلزلے عام ہیں۔

نیوزی لینڈ میں اس سے پہلے بھی تباہ کن زلزلے آ چکے ہیں۔ 2011 میں کرائسٹ چرچ میں 6.3 شدت کے زلزلے نے 185 افراد کی جان لے لی تھی۔ 1931 میں ہاکس بے میں آئے 7.8 شدت کے زلزلے میں 256 افراد ہلاک ہوئے تھے، جو ملک کی تاریخ کا سب سے ہلاکت خیز زلزلہ تھا۔

یو ایس جی ایس کے مطابق نیوزی لینڈ آسٹریلیا اور بحرالکاہل کی پلیٹوں کے درمیان واقع ہونے کی وجہ سے زلزلوں کا مرکز رہتا ہے۔ 1900 سے اب تک نیوزی لینڈ میں 7.5 یا اس سے زیادہ شدت کے 15 زلزلے آ چکے ہیں، جن میں سے 9 میکوری رج کے قریب آئے۔

 


Share: