
دبئی، 16 فروری (ایس او نیوز) – دبئی کے قریب شارجہ میدان میں یکم فروری سے جاری جوکا کوچمپئن ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کی شام کھیلا جائے گا، جبکہ صبح اور دوپہر میں دو سیمی فائنل مقابلے ہوں گے۔
فائنل تقریب میں شائقین کرکٹ کے لیے دلچسپ انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ میدان کے باہر گیند پکڑنے پر شائقین کو 100 درہم انعام دیا جائے گا، جبکہ ریفل ڈراء کے ذریعے بھی انعامات جیتنے کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ خواتین کے لیے کوکنگ مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ان تمام باتوں کی جانکاری ٹورنامنٹ کے آرگنائزر سرفراز جوکاکو نے دی۔
یاد رہے کہ ٹورنامنٹ میں بھٹکل کی آٹھ ٹیموں نے شرکت کی، جن میں الفلاح، سوپر اسٹار، مدینہ، وائی ایم ایس اے، رویل، انفا، اسداللہ اور حنیف آباد ویلفیئر ایسوسی ایشن شامل ہیں۔ شاندار اور دلچسپ مقابلوں کے بعد پہلا سیمی فائنل صبح 10 بجے وائی ایم ایس اے اور رویل کے درمیان، جبکہ دوسرا سیمی فائنل دوپہر 1 بجے انفا اور مدینہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
فائنل اور سیمی فائنل کے دوران بڑی تعداد میں شائقین کی شرکت متوقع ہے، جس کے پیش نظرآرگنائزرز کی جانب سے خصوصی انعامات رکھے گئے ہیں۔