دبئی 26 جنوری (ایس او نیوز) دبئی میں جاری جان اینڈ بروس بھٹکل پریمئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ (بی پی ایل) کا فائنل مقابلہ آج اتوار شام 4بجے کھیلا جائے گا جس کے لئے الراس سے کرکٹ گراونڈ جانے کے لئے بی پی ایل انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے خصوصی سواریوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
بی پی ایل کی جانب سے خبر دی گئی ہے کہ الراس میں واقع لائبریری کے قریب، شام ساڑھے تین بجے سواری شارجہ ۔ زید روڈ پرواقع جے ایم آر کرکٹ گراونڈ کے لئے نکلے گی، جبکہ فائنل تقریب کے بعد واپس الراس پہنچنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ اتوار کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں ایک طرف رائزنگ اسٹارس نے ڈی وی ایس کو شکست دی تھی تو دوسرے سیمی فائنل میں نوائط کرکیٹرس دبئی نے ابوظبی رائیڈرس کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا۔ اب اتوار شام کو ٹورنامنٹ کی دو سب سے زیادہ طاقتور ٹیموں رائزنگ اسٹارس اور نوائط کرکیٹرس دبئی کے درمیان فائنل مقابلہ ہوگا اور توقع کی جارہی ہے کہ مقابلہ نہایت سخت ہوگا اور شائقین کرکٹ کو دلچسپ تفریح فراہم کرے گا۔
ٹورنامنٹ میں شریک ہونے والے شائقین کے لیے بی پی ایل انتظامیہ نے مزید تفریح کے لیے کوئیز مقابلوں کا بھی اہتمام کیا ہے۔ اس کے علاوہ، کرکٹ شائقین کے لیے میدان میں پہنچنے والے افراد کے لیے ریفل ڈرا کے ذریعے انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
بی پی ایل انتظامیہ نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دلچسپ مقابلے میں شریک ہو کر نہ صرف کرکٹ کا لطف اٹھائیں بلکہ انعامات جیتنے کا سنہرا موقع بھی حاصل کریں۔