ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سپریم کورٹ میں عرضی: احمد آباد حادثے میں جان گنوانے والے ڈاکٹروں کے لیے معاوضہ کا مطالبہ

سپریم کورٹ میں عرضی: احمد آباد حادثے میں جان گنوانے والے ڈاکٹروں کے لیے معاوضہ کا مطالبہ

Sat, 14 Jun 2025 17:05:09    S O News

احمد آباد، 14/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) احمد آباد میں 12 جون کو ہوئے ایئر انڈیا فلائٹ نمبر اے آئی-171 حادثہ صرف مسافروں کے لیے ہلاکت خیز ثابت نہیں ہوا، بلکہ ان ڈاکٹرس کے لیے بھی پروانۂ موت بن گیا جو بی جے میڈیکل کالج کے ہاسٹل میں ظہرانہ یعنی لنچ کر رہے تھے۔ اس تعلق سے اب 2 ڈاکٹروں کے ذریعہ سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ہے۔ اس عرضی میں عدالت عظمیٰ سے فوری نوٹس لینے اور مرکزی حکومت کو متاثرہ کنبوں کو مناسب معاوضہ دینے کی ہدایت سے متعلق اپیل کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس عرضی میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ مرکزی حکومت کو ہدایت دے کہ وہ ہر مہلوکین (جن میں بی جے میڈیکل کالج، احمد آباد کے ریزیڈنٹ ڈاکٹرس بھی شامل ہیں) کے کنبہ کو 50 لاکھ روپے کے عبوری معاوضہ کا فوری اعلان کر اس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ عرضی میں یہ بھی گزارش کی گئی ہے کہ مرکزی حکومت ایک اعلیٰ سطحی ماہرین کی کمیٹی تشکیل دے، جس میں سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے سبکدوش جج، طیارہ ماہرین، ماہر معیشت اور انشورنس ماہرین شامل ہوں۔ یہ کمیٹی متاثرہ کنبوں کو عبوری معاوضہ کی تقرری ’تریوینی کوڈکانی بنام ایئر انڈیا لمیٹڈ‘ معاملے میں سپریم کورٹ کے ذریعہ قائم اصولوں کے مطابق کرے۔

عرضی میں ایئر انڈیا لمیٹڈ کو یہ ہدایت دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ وہ معاوضہ سے متعلق دعووں کا جلد نمٹارا کرے، تاکہ متاثرہ کنبوں کو طویل قانونی عمل سے گزرنا نہ پڑے۔ عرضی میں مرکزی حکومت کو ایک ہدایت یہ بھی دینے کی گزارش کی گئی ہے کہ وہ مہلوکین کے اہل خانہ کو بازآبادکاری امداد اور روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے۔ عرضی دہندگان نے عدالت عظمیٰ سے گزارش کی ہے کہ وہ حادثے کے اسباب کی گہرائی سے جانچ کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایت دے اور اس طرح کے حادثات مستقبل میں نہ ہوں، اس کے لیے ضروری اقدام اٹھانے کو کہے۔


Share: