بنگلورو، 30/جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) کرناٹک میں بدعنوانی کے خلاف لوک آیکت نے منگل کے روز ریاست بھر میں زبردست کارروائی انجام دی۔ مختلف اضلاع میں سرکاری افسروں کے گھروں، دفاتر اور کلینکس پر چھاپے مارے گئے، جن کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی غیر محسوب دولت اور جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے۔
چترادرگہ ضلع کے ہریہور تعلقہ میں سرکاری میڈیکل افسر ڈاکٹر وینکٹیش کے مکان، کلینک اور دفتر پر چھاپے میں تقریباً آدھا کلو سونا، سات رہائشی پلاٹس کے دستاویزات، دو زمینوں کے کاغذات اور تقریباً 3 کروڑ روپے کی جائیداد کا پتہ چلا ہے۔ ڈاکٹر وینکٹیش نے حال ہی میں ہریہور ٹاؤن کے یرگنٹیشور کالونی میں ایک عالیشان بنگلہ تعمیر کیا تھا جس میں ہوم تھیٹر جیسی پرتعیش سہولیات موجود ہیں۔
اسی طرح بنگلورو کے داسرہلی میں بی بی ایم پی کے ریونیو آفیسر وینکٹیش کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، نقد رقم، مہنگی گاڑیاں اور دیگر جائیدادوں کی تفصیلات برآمد ہوئیں۔ ان کے نام پر تلگھٹ پور میں ایک بنگلہ اور ننجنگوڈ میں چار ایکڑ پر مشتمل فارم ہاؤس بھی درج ہے۔
بی ڈی اے کے افسر اوم پرکاش کے مکان اور دفتر پر بھی چھاپہ مارا گیا، جہاں بنگلورو کے کوڈیگے ہلی میں واقع ایک بنگلہ، قیمتی گاڑیاں اور کروڑوں روپے کی جائیداد کے دستاویزات ضبط کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق تمام افسروں پر آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے کے الزامات ہیں، اور اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے۔