ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بینگلورو : آن لائن دستیاب رہے گی زمین جائداد کا کھاتہ تبدیل کرنے کی سہولت

بینگلورو : آن لائن دستیاب رہے گی زمین جائداد کا کھاتہ تبدیل کرنے کی سہولت

Wed, 25 Feb 2026 13:54:11    S O News

بینگلورو،25 / فروری (ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے اب عوام کو ایک اہم سہولت فراہم کی گئی ہے جس کا استعمال کرتے ہوئے اب وہ گھر بیٹھے ہی اپنی زمین جائداد کا کھاتہ تبدیل کروانے کی کارروائی آن لائن ہی انجام دے سکتے ہیں ۔ 
    
وزیر برائے مالگزاری کرشنا بائرے گوڑا نے اس سہولت کا آغاز کرتے ہوئے بتایا کہ زمین جائداد خریدنے یا ہبہ کے ذریعے حاصل کرنے کی صورت میں اس کا کھاتہ یا میوٹیشن اپنے نام پرتبدیل کرنے کے لئے آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے اور اس عرضی پر کسی کی طرف سے اعتراض داخل کرنے کے لئے سات دن تک کی مہلت دی جائے گی اور سات دن کے اندر کوئی اعتراض سامنے نہیں آنے پر درخواست کنندہ کے نام پر از خود کھاتہ تبدیل ہو جائے گا ۔
    
رجسٹریشن کے بعد کھاتہ تبدیلی کی جو درخواست دی جاتی ہے اس پر کسی قسم کے اعتراض کے لئے پندرہ دن کے وقفہ والا نوٹس جاری کیا جاتا ہے ۔ اگر پندرہ دنوں میں کوئی اعتراض نہیں آیا تو سولہویں دن از خود کھاتہ تبدیل ہو جائے گا ۔ 
    
انہوں نے بتایا کہ از خود کھاتہ تبدیلی یہ سہولت گزشتہ ایک مہینے سے منڈیا میں کارکردگی کی جانچ کے مرحلے میں چلائی گئی ہے ۔ کھاتہ تبدیلی کے لئے عوام کو سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگانے پڑ رہے تھے ۔ بعض افسران اور ایجنٹوں کی طرف سے عوام ہراساں کیا جا رہا تھا ۔ اب از خود کھاتہ تبدیلی کی سہولت کی وجہ سے عوام کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہو جائے گا ۔ انہیں اب اس کام کے لئے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، بلکہ گھر بیٹھے ہی یہ کارروائی آن لائن ذریعے سے انجام دے سکیں گے ۔  
    
انہوں نے بتایا کہ ہبہ کی گئی یا بیچی گئی جائداد کا نیا مالک کون ہے یہ جاننے کے لئے میوٹیشن اینٹری بہت اہم ہوتی ہے ۔ اسی کے ساتھ نقلی خرید و فروخت کو روکنے کے لئے اپنی جائداد کے ریکارڈ کے ساتھ آدھار نمبر لنک کرنا ضروری ہے ۔ اس سے فائدہ یہ ہوتا ہے کہ جائداد کے ریکارڈ کے تعلق سے کوئی تبدیلی یا چھیڑ چھاڑ ہو تو اس کی اطلاع جائداد کے مالک کو میسیج کے ذریعے مل جاتی ہے ۔


Share: