دبئی31 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) مشہور یوٹیوبر اور کانٹینٹ کریئیٹر دھروو راٹھی نے آج اپنے سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر ایک نئی ویڈیو جاری کی جس کا عنوان تھا "My Advice For Andbhakts"۔ اس چھوٹے سے ڈیڑھ منٹ کے ویڈیو میں راٹھی نے اندھی عقیدت، ٹرمپ، اسرائیل، اور وزیرِ اعظم مودی سبھی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
دھروو راٹھی نے ویڈیو میں کہا کہ کچھ لوگوں نے "ٹرمپ کا مندر بنایا، اس کی پوجا کی، یہاں تک کہ ان کے پاپا (مودی) نے ٹرمپ کے لیے انتخابی مہم تک چلائی۔" ان کے مطابق، مودی نے ٹرمپ کو "میرا جگری دوست" قرار دیا اور کہا "مائی فرینڈ مسٹر ڈولانڈ ٹرمپ"۔ دھروو کے مطابق، اس ذاتی دوستی کا انجام کیا نکلا؟" آج ٹرمپ روز ہندوستان کی بے عزتی کر رہا ہے، کبھی 25 فیصد ٹیرف لگا رہا ہے، کبھی کہتا ہے ہندوستان کی معیشت مردہ ہے، اور کبھی کہتا ہے کہ ہندوستان قابلِ غور ہی نہیں۔"
راٹھی نے مزید کہا کہ "یہ مت کہنا کہ ہمیں کیسے پتہ ہوتا کہ ٹرمپ ایسا نکلے گا؟ سمجھدار لوگ پہلے ہی جانتے تھے کہ ٹرمپ نفرت پھیلانے والا، فراڈ، اور جھوٹا سیاستدان ہے۔ میں نے اپنی کئی ویڈیوز میں اس پر تنقید کی ہے، لیکن اندھ بھکتوں نے اسے اپنا دوسرا باپ بنا لیا صرف اس لیے کہ وہ مسلمانوں سے نفرت کرتا ہے۔ "اور اسرائیل پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "آج یہی لوگ اسرائیل کو بھی اس لیے سپورٹ کر رہے ہیں کیونکہ وہ مسلمانوں پر ظلم کر رہا ہے۔"
ویڈیو کے آخر میں دھروو راٹھی نے اندھ بھکتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا" :جتنا نفرت کی آڑ میں نفرت انگیز سیاستدانوں کو سپورٹ کرو گے، بدلے میں وہیں سے نفرت ہی ملے گی۔ جب یہ نفرت کی آگ لگے گی، سب کے گھر جلیں گے، کوئی نہیں بچے گا۔ انہیں سپورٹ کرنا مطلب اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنا۔ آج امریکی لوگ بھی ٹرمپ کی وجہ سے بھگت رہے ہیں۔ اگر آپ سوچتے ہو کہ یہ نفرت صرف دوسرے لوگوں کی طرف پھیل رہی ہے اور آپ کسی طرح بچ جاؤ گے، تو آپ کے لیے بہتر ہوگا کہ اس خوش فہمی میں نہ رہو۔ جب یہ نفرت کی آگ لگے گی، سب کے گھر جلیں گے اس آگ میں۔"
دھروو راٹھی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور مختلف ردِ عمل دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔