ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی-این سی آر اور دیگر ریاستوں میں سردی کی شدت برقرار، کہرے کے باعث آمد و رفت متاثر

دہلی-این سی آر اور دیگر ریاستوں میں سردی کی شدت برقرار، کہرے کے باعث آمد و رفت متاثر

Wed, 15 Jan 2025 13:21:24    S.O. News Service

نئی دہلی  ، 15/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی )ملک کے مختلف حصوں میں شدید سردی نے معمولات زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ ہماچل پردیش، اترا کھنڈ اور جموں و کشمیر میں مسلسل برفباری کی وجہ سے شمالی ہندوستان میں سرد لہر برقرار ہے، جبکہ دہلی-این سی آر میں بھی شدید ٹھنڈ اور کہرے نے عوام کو مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ گھنے کہرے کی وجہ سے سڑکوں، ریلوے اور فضائی خدمات پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ دہلی میں بدھ کی صبح شدید کہرا چھایا رہا جس سے حد نگاہ میں کمی آئی اور سڑکوں پر گاڑیاں انتہائی سست رفتاری سے چلتی نظر آئیں۔ اس کے علاوہ دہلی آنے والی درجنوں ٹرینیں کئی گھنٹوں کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔

دہلی سے لگے گرو گرام میں بھی گھنا کہرا چھایا ہوا ہے۔ اس کی وجہ سے حد نگاہ 10 میٹر سے بھی کم درج کیا گیا۔ سڑکوں پر صاف دکھائی نہیں دینے کی وجہ سے گاڑی ڈرائیوروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہاں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس کے قریب ریکارڈ ہوا۔ پارہ گرنے سے ٹھٹھرن میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ حالانکہ منگل کی دوپہر کو دھوپ نکلی تھی، جس سے کپکپی سے کچھ راحت ملی تھی۔ بدھ کو کہرا چھانے سے دھوپ نکلنے کے امکانات کم ہیں۔ ہوا بھی نہیں چل رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج آسمان پر بادل چھائے رہیں گے۔ شام یا رات کے وقت ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 9 ڈگری سیلسیس تک رہ سکتا ہے۔ وہیں کہرے کی وجہ سے آلودگی کی سطح میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ صبح ساڑھے نو بجے دہلی کا اے کیو آئی 356 یعنی انتہائی خراب زمرے میں درج کیا گیا۔ ایسے میں گریپ-3 بھی پھر سے نافذ ہونے کے آثار بن گئے ہیں۔


Share: