ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ٹورنٹو ایئرپورٹ پر ڈیلٹا ایئرلائنز کا طیارہ حادثے کا شکار، لینڈنگ کے دوران پلٹنے سے 15 افراد زخمی

ٹورنٹو ایئرپورٹ پر ڈیلٹا ایئرلائنز کا طیارہ حادثے کا شکار، لینڈنگ کے دوران پلٹنے سے 15 افراد زخمی

Tue, 18 Feb 2025 11:52:46    S O News

  ٹورنٹو ، 18/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )ڈیلٹا ایئرلائنز کی پرواز 4819 ہفتے کے روز ٹورنٹو پیئرسن بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگئی۔ یہ طیارہ امریکی ریاست منی سوٹا کے منی ایپولس-سینٹ پال ایئرپورٹ سے ٹورنٹو جا رہا تھا۔ لینڈنگ کے دوران طیارے کا کنٹرول کھو جانے کے باعث وہ رن وے پر پلٹ گیا، جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہو گئے۔

طیارے میں 80 افراد سوار تھے، جن میں 76 مسافر اور 4 عملے کے ارکان شامل تھے۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا، تاہم 15 افراد زخمی ہو گئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ ایک 60 سالہ شدید زخمی شخص کو سینٹ مائیکلز اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ایک اور شخص کو سنی بروک ہیلتھ سائنسز سینٹر لے جایا گیا۔

حادثے کے فوراً بعد فائر بریگیڈ، پیرامیڈیکل ٹیمیں اور دیگر امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ ٹورنٹو پئیرسن ایئرپورٹ انتظامیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے حادثے کی تصدیق کی اور بتایا کہ تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

امریکی وفاقی ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق، حادثہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2:45 پر پیش آیا۔ تاہم، ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ طیارہ لینڈنگ کے دوران کیسے پلٹا۔ کینیڈا کا ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (ٹی ایس بی) واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہا ہے۔

تحقیقات کے دوران ماہرین یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ آیا حادثہ تکنیکی خرابی، پائلٹ کی غلطی، یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔ چونکہ حادثہ لینڈنگ کے دوران ہوا، اس لیے ماہرین موسم کی صورتحال، طیارے کی تکنیکی حالت اور ایئرپورٹ کنٹرول ٹاور کے ساتھ عملے کی گفتگو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

ایئرپورٹ پر دیگر پروازوں کی آمدورفت متاثر نہیں ہوئی لیکن حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے رن وے کو بند کر دیا گیا تھا۔ مسافروں کو متبادل پروازوں کے ذریعے ان کی منزلوں تک پہنچانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔


Share: