ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / نئے سال کی آمد پر دہلی-این سی آر اور یوپی میں شدید سردی اور کہر کا قہر

نئے سال کی آمد پر دہلی-این سی آر اور یوپی میں شدید سردی اور کہر کا قہر

Wed, 01 Jan 2025 17:06:38    S.O. News Service

نئی دہلی، یکم جنوری(ایس او نیوز/ایجنسی )نئے سال کی شروعات شدید سردی اور گھنے کہرے کے ساتھ ہوئی۔ دہلی-این سی آر میں سردی اپنی شدت کے ساتھ جاری ہے، جہاں تیز ہواؤں اور سرد لہر نے لوگوں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ آسمان سے گرتی شبنم نے رات کے درجہ حرارت کو مزید کم کر دیا ہے، جس کی وجہ سے لوگ خود کو گرم رکھنے کے لیے سڑکوں کے کنارے آگ کا سہارا لے رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سردی کی یہ لہر کچھ دنوں تک برقرار رہ سکتی ہے، اور جلدی راحت ملنے کا امکان کم ہے۔


دہلی موسمیاتی مرکز کے مطابق جنوری مہینے کی پہلی تاریخ یعنی بدھ سے سرد لہر کا اثر اور تیز ہونے والا ہے۔ 20 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں درجہ حرارت کو اور گرا دیں گی۔ حالانکہ ابھی یلو الرٹ ہٹا لیا گیا ہے لیکن ٹھنڈ کا اثر ابھی بھی برقرار رہے گا۔ دہلی، نوئیڈا، غازی آباد اور گڑگاؤں میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17-16 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 9-8 ڈگری سیلسیس کے قریب رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا ہے کہ 6 جنوری تک موسم میں کوئی خاص تبدیلی نہیں ہونے والی۔

اتر پردیش کے بھی کئی حصوں میں شدید ٹھنڈ کا دور جاری ہے۔ مغربی اتر پردیش میں ٹھنڈی ہواؤں اور کہرے نے لوگوں کے لیے مشکلیں پیدا کر دی ہیں۔ کئی ضلعوں میں دن کے وقت بھی سرد لہر کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے کئی شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے چلا گیا ہے۔ راجدھانی لکھنؤ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ بلند شہر میں سب سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس رہا۔

راجستھان میں بھی سردی نے لوگوں کو گھروں میں دُبکنے پر مجبور کر دیا ہے۔ جئے پور سمیت ریاست کے 11 ضلعوں میں سرد لہر اور گھنے کہرے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جئے پور میں رات کے وقت حد نگاہ 10 میٹر تک محدود ہو گئی ہے، جس سے گاڑی ڈرائیوروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


Share: