ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ’پیرس والی دہلی؟‘، راہل گاندھی نے گندگی پر مبنی ویڈیو شیئر کر کے کیجریوال پر کسا طنز

’پیرس والی دہلی؟‘، راہل گاندھی نے گندگی پر مبنی ویڈیو شیئر کر کے کیجریوال پر کسا طنز

Wed, 15 Jan 2025 11:15:22    S.O. News Service

نئی دہلی  ، 15/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی )دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی گہماگہمی عروج پر ہے، اور سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر الزام تراشی میں مصروف ہیں۔ پیر (13 جنوری) کو راہل گاندھی نے دہلی کے سیلم پور اسمبلی حلقہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیجریوال حکومت پر تنقید کی اور ان کے وعدوں کو پورا نہ کرنے کا الزام لگایا۔ بعد ازاں، راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دہلی کی بدحالی کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے تبصرہ کیا: ’’یہ ہے کیجریوال جی کی ’چمکتی‘ دہلی، پیرس جیسی دہلی۔‘‘

اس ویڈیو میں راہل گاندھی اپنے آس پاس موجود لوگوں اور میڈیا اہلکاروں سے کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ ’’دیکھو، دہلی دیکھو، چمکتی ہوئی دہلی ہے... پیرس جیسی دہلی ہے... سب جگہ یہی حال ہے۔‘‘ راہل گاندھی کی یہ ویڈیو 13 جنوری کو سیلم پور میں کی گئی تقریر کے دوران کیجریوال پر کیے گئے حملے کا ہی سلسلہ دکھائی دے رہا ہے۔ وہ دہلی اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کے ساتھ ساتھ عام آدمی پارٹی کو بھی ہدف تنقید بنا رہے ہیں اور پی ایم مودی کے ساتھ ساتھ کیجریوال کا نام لینے سے بھی پرہیز نہیں کر رہے ہیں۔ 13 جنوری کو راہل گاندھی نے سیلم پور میں کہا تھا کہ ’’میں جب بھی ذات پر مبنی مردم شماری کی بات کرتا ہوں تو وزیر اعظم نریندر مودی اور اروند کیجریوال کے منہ سے ایک لفظ بھی نہیں نکلتا۔ کیجریوال ضرور مودی کی طرح لمبی لمبی تقریریں کریں گے لیکن جب حصہ داری کی بات آئے گی تو صرف کانگریس اسے پورا کرے گی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ سیلم پور میں راہل گاندھی کے ذریعہ کیے گئے حملوں پر اروند کیجریوال نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’راہل گاندھی اپنی پارٹی کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ میں ملک کو بچانے کے لیے لڑ رہا ہوں۔‘‘ حالانکہ کیجریوال نے راہل گاندھی کے ذریعہ عائد کیے گئے الزامات پر کوئی صفائی پیش نہیں کی۔ نہ ہی انھوں نے دہلی کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے اپنے وعدے پر کچھ کہا، اور نہ ہی دہلی کو آلودگی سے پاک بنانے کا وعدہ وفا نہ پر کوئی تبصرہ کیا۔ راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ کانگریس کے دیگر لیڈران بھی کیجریوال اور عآپ حکومت کی خامیوں پر کھل کر بول رہے ہیں اور عوام کو حقیقت سے روشناس کرا رہے ہیں۔


Share: