ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی کو وزیر اعلیٰ کے اعلان کے لیے 20 فروری تک کا انتظار، حلف برداری میں این ڈی اے کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت

دہلی کو وزیر اعلیٰ کے اعلان کے لیے 20 فروری تک کا انتظار، حلف برداری میں این ڈی اے کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت

Tue, 18 Feb 2025 11:42:16    S O News

  نئی دہلی  ، 18/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوئے ایک ہفتہ سے زائد کا وقت گزر چکا ہے، لیکن وزیر اعلیٰ کا نام ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے۔ سیاسی حلقوں میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے اور عوام اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ کب بی جے پی دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب کرے گی۔ اطلاعات کے مطابق 19 فروری کو بی جے پی کی قانون ساز اسمبلی کی میٹنگ ہوگی، جس کے بعد 20 فروری کو دہلی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب میں شرکت کے لیے این ڈی اے کے حکومتی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کو مدعو کیا جائے گا، جبکہ اسی دن این ڈی اے کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی ایک اہم میٹنگ بھی دہلی میں ہوگی۔

دہلی حکومت کی حلف برداری اور حکومت کی تشکیل کے حوالے سے پیر (17 فروری) کو شام میں ایک اہم میٹنگ ہونے والی ہے۔ اس میٹنگ میں حلف برداری تقریب کے انچارج ونود تاوڑے اور ترون چُگھ موجود رہیں گے۔ دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا اور دہلی بی جے پی کے افسران بھی موجود رہیں گے۔ اس میٹنگ میں نئی حکومت کی حلف برداری کی تاریخ، وقت اور جگہ کا تعین کیاجائے گا۔ حلف برداری کی تیاریاں، بیٹھنے کا بندوبست اور مہمانوں کی فہرست کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔

اس درمیان 27 سال بعد دہلی کے اقتدار پر قابض ہونے والی بی جے پی کی جانب سے حکومت بنانے میں تاخیر کے حوالے سے دہلی کی قائم مقام وزیر اعلیٰ آتشی نے طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’آج 17 تاریخ ہو گئی ہے دہلی انتخاب کے نتیجے آئے 10 دن گزر چکے ہیں۔ 8 فروری کو نتیجے آئے اور دہلی والوں کو امید تھی کہ 9 تاریخ کو انہیں اپنے وزیر اعلیٰ کی اطلاع مل جائے گی اور 10 کو وہ حلف لے لیں گے۔ دہلی کے عوام انتظار کرتے رہ گئے۔ آج 10 روز ہو گئے ہیں لیکن بی جے پی وزیر اعلیٰ کے نام پر کوئی فیصلہ نہیں لے پائی ہے۔‘‘ علاوہ ازیں آتشی نے کہا کہ ’’آج ثابت ہو گیا کہ بی جے پی کے پاس کوئی وزیر اعلیٰ کا چہرہ نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعظم مودی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’آج یہ بات صاف ہو گئی ہے کہ وزیر اعظم مودی جی کو اپنے 48 اراکین اسمبلی میں سے کسی پر بھی بھروسہ نہیں ہے۔ انہیں معلوم ہے کہ ان میں سے ایک بھی رکن اسمبلی حکومت چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے ہیں۔‘‘


Share: