نئی دہلی، 28 جون (ایس او نیوز/ایجنسی): دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں آج دوپہر کے بعد موسم نے اچانک کروٹ لی، جس سے گرمی اور اُمس سے پریشان عوام کو بڑی راحت ملی۔ دوپہر تقریباً 3 بجے کے قریب اچانک سیاہ بادل چھا گئے، آندھی چلی، اور پھر کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق دہلی، نوئیڈا، غازی آباد سمیت این سی آر کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کی شام موسم میں بڑی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، جو درست ثابت ہوا۔ کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی، جبکہ کچھ مقامات پر زوردار بارش نے ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔
بارش کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھایا۔ کئی لوگ سیر و تفریح کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے، جب کہ بچے بارش میں نہاتے ہوئے نظر آئے۔ بارش کے ساتھ تیز ہواؤں نے موسم کو اور بھی سہانا بنا دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کے لیے دہلی-این سی آر میں یلو الرٹ جاری کر رکھا ہے، اور امکان ظاہر کیا ہے کہ ہفتہ کی شب کو بھی کئی علاقوں میں تیز آندھی اور بارش ہو سکتی ہے۔ کچھ مقامات پر درمیانی درجے کی بارش جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔