نئی دہلی ، 15/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی)موسم کے بدلتے تیوروں کے بیچ راجدھانی دہلی میں گرمی نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔ درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور موسم مزید سخت ہونے کے آثار ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ سے دہلی میں لُو کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکتا ہے، جو اگلے تین دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے عوام کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ منگل کو آسمان صاف رہے گا۔ تیز دھوپ نکلی رہے گی اور 20 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 38 اور 23 ڈگری تک رہ سکتا ہے۔ کہیں کہیں درجہ حرارت 39 سے 40 ڈگری سیلسیس کے آس پاس بھی درج کیا جا سکتا ہے۔ بدھ سے جمعہ یعنی تین دنوں کے لیے ’لو‘ کا یلو الرٹ پہلے ہی جاری کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دہلی کے زیادہ تر حصوں میں پیر کی صبح سے ہی شدید گرمی رہی۔ دن چڑھنے کے ساتھ ہی دھوپ بھی تیکھی اور تیز ہوتی گئی۔ دن کے 12 بجے کے بعد لوگوں کو خاص طور پر سخت دھوپ کا سامنا کرنا پڑا۔ صفدر جنگ موسمیات مرکز میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول سے 1.7 ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 21.6 ڈگری سیلسیس رہا جو کہ معمول سے 0.6 ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔ ہوا میں نمی کی سطح 81 سے 32 فیصد رہی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت 37.3 ڈگری آیا نگر میں اور سب سے کم درجہ حرارت 23.7 ڈگری نجف گڑھ میں ریکارڈ کیا گیا۔
وہیں دہلی کی ہوا میں آلودگی کی سطح میں بھی ہلکا اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق پیر کو دہلی کا اوسط اے کیو آئی 194 پوائنٹس پر رہا۔ اس سطح کی ہوا کو درمیانے زمرے میں رکھا جاتا ہے۔ حالانکہ خراب زمرے سے یہ صرف 7 پوائنٹس ہی نیچے ہے۔ بورڈ کے مطابق اگلے دو دنوں کے درمیان ہوا کے معیار کی سطح اسی کے آس پاس رہنے کی امید ہے۔