ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جامعہ تشدد معاملہ: آصف اقبال تنہا کی عرضی پر دہلی ہائی کورٹ کا پولیس کو نوٹس، سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی

جامعہ تشدد معاملہ: آصف اقبال تنہا کی عرضی پر دہلی ہائی کورٹ کا پولیس کو نوٹس، سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی

Mon, 28 Jul 2025 18:09:58    S O News

نئی دہلی، 28/ جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) دہلی ہائی کورٹ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں 2019 کے تشدد معاملے میں طلبہ رہنما آصف اقبال تنہا کے خلاف الزامات طے کرنے کے ذیلی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضی پر دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔

یہ معاملہ 11 دسمبر 2019 کو پارلیمنٹ میں شہریت ترمیمی قانون (CAA) کی منظوری کے بعد جامعہ اور شاہین باغ میں ہونے والے احتجاجات سے وابستہ ہے۔ ساکیت کی ایڈیشنل سیشن کورٹ نے 7 مارچ کو آصف تنہا پر تعزیرات ہند کی کئی سنگین دفعات سمیت پبلک پراپرٹی نقصان قانون کی دفعات کے تحت الزامات طے کیے تھے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ وہ جائے واردات پر موجود تھا اور بھیڑ کی قیادت کر رہا تھا، جس کے ثبوت موبائل لوکیشن اور کال ریکارڈز سے ملے ہیں۔

اسی معاملے میں جے این یو کے سابق اسکالر شرجیل امام پر بھی الزامات طے کیے گئے ہیں، جنہیں عدالت نے بڑے سازشی منصوبے کا کلیدی کردار قرار دیا تھا۔

پیر کو جسٹس سنجیو نارولا نے دہلی پولیس سے جواب طلب کرتے ہوئے آصف اور شرجیل کی عرضیوں پر سماعت کی اگلی تاریخ 30 اکتوبر مقرر کی۔ آصف کے وکیل سدھارتھ ستیجا کا کہنا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے شواہد کا مناسب تجزیہ کیے بغیر الزامات طے کیے ہیں۔

یاد رہے کہ آصف تنہا دہلی فسادات کی مبینہ بڑی سازش کیس میں بھی ملزم ہیں، لیکن ہائی کورٹ نے 2021 میں تاخیر کی بنیاد پر نتاشا نروال اور دیوانگنا کلیتا کے ساتھ انہیں ضمانت دی تھی۔


Share: