ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی اسمبلی انتخاب: سندیپ دیکشت کا کیجریوال کو خط، دعووں پر کھلی بحث کا چیلنج

دہلی اسمبلی انتخاب: سندیپ دیکشت کا کیجریوال کو خط، دعووں پر کھلی بحث کا چیلنج

Thu, 30 Jan 2025 11:59:16  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ،  30/جنوری (ایس او  نیوز)سندیپ دیکشت نے ’ایکس‘ پر اپنا خط شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’میں نے اروند کیجریوال کو کھلی بحث کا چیلنج دیا ہے۔ امید ہے کہ وہ سچ کا سامنا کرنے کی جرأت دکھائیں گے۔ دہلی کے عوام شفافیت اور سچائی کے مستحق ہیں، نہ کہ جھوٹے دعووں کے۔ کیجریوال، آئیے اور ان تمام الزامات پر بحث کیجیے، جو آپ نے کانگریس حکومت اور شیلا دکشت جی پر لگائے، لیکن آج تک ان کے حق میں ایک بھی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔‘‘

اپنے خط میں سندیپ دیکشت نے آگے لکھا ہے کہ ’’جب سے مجھے نئی دہلی سیٹ کے لیے انڈین نیشنل کانگریس کا امیدوار بنایا گیا ہے، تب سے میں لگاتار آپ کو دہلی کے وزیر اعلیٰ اور نئی دہلی سیٹ سے رکن اسمبلی کی شکل میں آپ کے کام کے بارے میں آپ کے ذریعہ کیے جا رہے مختلف دعووں پر چیلنج دے رہا ہوں۔ میں نے منظم طریقے سے دہلی حکومت کے اعداد و شمار کا استعمال کرتے ہوئے نہ صرف سوال اٹھائے ہیں، بلکہ ثابت کیا ہے کہ آپ کے مختلف دعوے یا تو پوری طرح سے جھوٹ ہیں، یا بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے ہیں، جو جھوٹ ہونے کے دہانے پر ہیں۔‘‘

سندیپ دیکشت خط میں یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’مجھے امید تھی کہ دہلی کے (سابق) وزیر اعلیٰ کی شکل میں آپ ان سوالات کا جواب خود دیں گے، یا کسی عوامی موجودگی یا کسی بحث میں جہاں ہم ایک مشترکہ اسٹیج پر ایک ساتھ آ سکیں۔ میں نے بھی آپ کو کئی مرتبہ اس طرح کی بحث کے لیے چیلنج دیا ہے، یہ جانتے ہوئے بھی کہ آپ میں سچ کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے اور آپ کبھی بھی وہاں کھڑے ہونے کی ہمت نہیں کریں گے، جہاں آپ کے من گڑھت مباحث، جن سے آپ دہلی کی عوام کو گمراہ کرتے رہے ہیں، جھوٹ ثابت ہوتے ہیں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’میں امید کے برعکس امید کر رہا تھا۔ اب جب ہم اس انتخاب کے آخری منزل کی طرف بڑھ رہے ہیں، اور ایک بار پھر آپ نے اپنی پرانی چال یعنی جھوٹ کی سراسر بیان بازی اور ہر کسی پر بدعنوان ہونے کا الزام لگانے کا کام شروع کر دیا ہے تو اب وقت آ گیا ہے کہ آپ کو آپ کی اصلیت بتائی جائے، کہ آپ ایک بزدل اور دھوکہ باز ہیں۔‘‘

کانگریس لیڈر نے بحث کے لیے تاریخ طے کرتے ہوئے خط میں لکھا کہ ’’میں آپ کو 31 جنوری 2025 کو جنتر منتر پر دوپہر 2 بجے سے 3 بجے کے درمیان کھلی عوامی بحث کے لیے مدعو کرتا ہوں۔ میں آپ کے وہاں آنے اور ان سبھی باتوں پر بحث کرنے کا انتظار کروں گا جنھیں آپ حصولیابی کی شکل میں ظاہر کر رہے ہیں۔ میں آپ سے گزارش کروں گا اور مشورہ دوں گا کہ آپ جو بھی دعویٰ کریں، اس کے بارے میں جانکاری اور ڈاٹا ساتھ لائیں، کیونکہ میں یہ دکھانے کے لیے آپ کی اپنی حکومت کے دستاویزوں کا استعمال کروں گا کہ آپ درست ہیں یا غلط۔ اس بحث میں واحد اصول یہ ہوگا کہ ہر ایشو اور ہر بحث مدلل و قابل اعتماد ڈاٹا پر مبنی ہونی چاہیے، نہ کہ آپ کی جھوٹی باتوں پر۔‘‘


Share: