نئی دہلی ، 15/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی ) دہلی حکومت کے سابق وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر نریندر ناتھ نے منگل (14 جنوری) کو دہلی کے 70 اسمبلی حلقوں کے لیے 5 ایل ای ڈی وین روانہ کیں۔ ان وینز کے ذریعے کانگریس نہ صرف اپنی 5 گارنٹیوں کو دہلی کی عوام تک پہنچانے کی مہم چلا رہی ہے بلکہ گزشتہ 10 سالوں میں کیجریوال حکومت کی ناکامیوں کو بھی اجاگر کر رہی ہے۔ عوام کو یہ باور کرایا جا رہا ہے کہ کیجریوال کے وعدے محض جھوٹے دعوے تھے، جن پر کبھی عمل نہیں ہوا۔ کانگریس نے دہلی کے عوام کو یقین دلایا ہے کہ اگر اسے دوبارہ حکومت بنانے کا موقع ملتا ہے تو وہ اپنے تمام وعدے اسی طرح پورے کرے گی جیسے انڈیا اتحاد کی دیگر ریاستوں میں کیے جا رہے ہیں۔
کانگریس کی گارنٹی کو لوگوں تک پہنچانے والی وَین پر جو ٹیگ لائن ہے اس میں لکھا گیا ہے ’10 سال سے رکے وِکاس کو آگے بڑھانے کے لیے کانگریس ضروری ہے۔‘ ایل ای ڈی وَین روانہ کیے جانے کے موقع پر موجود اہم لیڈران میں اے آئی سی سی کے قومی ترجمان ابھے دوبے، سدھارتھ راؤ، جتن شرما، تصویر سولنکی، ترجمان اسماء تسلیم، رشمی سنگھ مِگلانی اور ارون اگروال شامل تھے۔ اس ایل ای ڈی وَین کے ذریعہ کانگریس پارٹی، رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اور دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دویندر یادو کے ذریعہ کیے گئے وعدوں کو تمام 70 اسمبلی حلقوں کی عوام تک پہنچایا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخاب کے پیش نظر لوگوں سے جو وعدے کیے ہیں ان میں ’پیاری دیدی یوجنا‘ کے تحت خواتین کو ماہانہ 2500 روپے، دہلی کے لوگوں کے لیے 25 لاکھ روپے کی مفت ہیلتھ انشورنس اسکیم اور تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لیے 8500 روپے ماہانہ کی گارنٹی اپرنٹس شپ شامل ہیں۔ ساتھ ہی وَین میں نصب ویڈیو گرافکس کے ذریعہ کیجریوال حکومت کی بدعنوانی، بدعہدی، ٹوٹی سڑکیں اور کووڈ-19 وبا کے دوران حکومت کی لاپرواہی سے ہونے والی اموات کو دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو گرافکس میں یہ بھی دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ کس طرح کیجریوال اور مودی نے عوام کے پیسوں سے ’شیش محل‘ اور ’راج محل‘ تعمیر کرا رکھا ہے۔