نئی دہلی ، 8/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس نے اپنی دوسری 'گارنٹی' کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے وعدہ کیا ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد دہلی کے ہر شہری کو صحت بیمہ فراہم کیا جائے گا۔ اس اسکیم کے تحت سالانہ 25 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت دستیاب ہوگی، جس کا مقصد دہلی کے عوام کو بہتر صحت کی ضمانت دینا ہے۔
صحت کی اس اسکیم کو راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، دہلی کے انچارج قاضی نظام الدین، دہلی کانگریس کے صدر دیوندر یادو، دہلی کے سابق وزراء صحت یوگانند شاستری، کرن والیہ و ڈاکٹر نریندر ناتھ، سابق رکن اسمبلی انل بھاردواج اور ترجمان ابھے دوبے نے جاری کیا۔
اس موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ انہوں نے اپنی حکومت کے دوران راجستھان میں یہ اسکیم نافذ کی تھی۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ جس طرح راجستھان میں اس اسکیم کو نافذ کیا گیا تھا اسی طرح دہلی میں بھی یہ نافذ کیا جائے گا۔ راجستھان میں اس اسکیم کو 'چرنجیوی' نام دیا گیا تھا، جبکہ یہاں اس اسکیم کا نام 'جیون رکشا' رہے گا۔ اس کے تحت ہر شخص کو 25 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت دی جائے گی۔ اس میں جانچ، دوا اور علاج سب کچھ مفت ملے گا۔ گہلوت نے کہا کہ ہم نے راجستھان میں بھی عوامی صحت کو خاص اہمیت دی تھی اور ہر طرح کا علاج وہاں مفت ہے اور خرچ کا بوجھ حکومت کے سر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں کانگریس حکومت بننے کے امکانات روشن ہیں، یہاں کے لوگ عام آدمی پارٹی حکومت سے کافی پریشان ہیں۔
اس دوران دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت سرکاری اور نجی اسپتال سبھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہر سال 10183 کیس ڈینگو اور 1٫63 لاکھ ڈائریا کے ہوتے ہیں، اس کے علاوہ ٹائیفائڈ اور سانس سے متعلق امراض کی لپیٹ میں بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیت ملی تو انتخاب کے بعد دہلی والوں کی صحت کی ذمہ داری کانگریس کی ہوگی۔
دیویندر یادو نے یقین دلایا کہ دہلی میں اس مرتبہ کانگریس کی حکومت بننے جا رہی ہے۔ 'جیون رکشا' اسکیم سے پہلے کانگریس 'پیاری دیدی' اسکیم لانے کا وعدہ کر چکی ہے۔ اس کے تحت پارٹی نے کہا کہ دہلی میں حکومت بننے پر خواتین کو ماہانہ 2500 روپے کی امداد دی جائے گی۔ پریس کانفرنس میں دہلی کی سابق وزیر صحت کرن والیا، سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ سمیت کئی دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ وہیں، قاضی نظام الدین نے کہا کہ کانگریس پر عوام کو یقین ہے کہ وہ جو وعدہ کرتی ہے اس کو پورا کرتی ہے۔ نظام الدین نے کہا کہ عوام میں کانگریس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔