نئی دہلی ، 17/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )دہلی اسمبلی انتخابات میں کامیاب ہونے والی بی جے پی کے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب 18 فروری بروز منگل دوپہر 12 بجے رام لیلا میدان میں منعقد کی جائے گی۔ اس سے ایک دن قبل 17 فروری کو بی جے پی کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ دہلی اسٹیٹ آفس میں ہوگی، جہاں وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ تمام منتخب اراکین اسمبلی کو اس میٹنگ کے لیے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اس کے علاوہ، 19 فروری کو کیشو کُنج میں سَنگھ کے نئے دفتر کا افتتاح ہوگا، جس میں دہلی کے نومنتخب وزیر اعلیٰ بھی شریک ہوں گے۔
دہلی میں وزیر اعلیٰ کی حلف برداری انتخابات کے نتائج کے 10 دن بعد منعقد ہو رہی ہے۔ یاد رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ 5 فروری کو ہوئی تھی اور نتائج 8 فروری کو سامنے آئے تھے۔ تاہم، بی جے پی نے ایک ہفتے بعد بھی وزیر اعلیٰ کے امیدوار کا اعلان نہیں کیا، جس کے باعث سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی 27 سال بعد دہلی میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔ اس سے قبل کانگریس نے 15 سال اور عام آدمی پارٹی نے تقریباً 11 سال دہلی پر حکمرانی کی ہے۔