نئی دہلی، یکم جنوری(ایس او نیوز/ایجنسی )دہلی کے ماڈل ٹاؤن علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر 54 منٹ کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔ یہ واقعہ بنگلورو کے اتل سبھاش کیس سے مشابہت رکھتا ہے۔ خودکشی کرنے والے شخص کی شناخت پونیت کھورانہ کے طور پر ہوئی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق، پونیت اپنی بیوی مانیکا پاہوا سے ناراض تھا، اور دونوں نے طلاق کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ دسمبر میں ہی اتل سبھاش کے معاملے نے لوگوں کو چونکا دیا تھا۔ بنگلورو میں مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی انجینئر کے طور پر کام کرنے والے اتل سبھاش نے خودکشی کرنے سے پہلے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کا ویڈیو ریکارڈ کیا تھا۔ ان کاویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل رہا ہے۔ اس میں اس نے اپنے سسرال والوں پر اسے ذہنی اذیت دینے کا الزام لگایا تھا۔ اتل نے 24 صفحات کا خودکشی نوٹ بھی چھوڑا تھا۔
اتل سبھاش نے نو دسمبر کو خودکشی کر لی تھی۔ اس کے بعد اس کے والدین نے عدالت کا رخ کیا۔ اس کی بیوی نکیتا سنگھانیہ، اس کی ماں اور بھائی کو پولیس نے 13 دسمبر کو گرفتار کیا تھا۔ نکیتا سنگھانیہ جیل میں ہیں۔ ضمانت پر اگلی سماعت 4 جنوری کو ہوگی۔ نکیتا کو بنگلورو پولیس نے گروگرام سے اور ماں اور بھائی کو پریاگ راج سے گرفتار کیا تھا۔