نئی دہلی ، 28/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی کے براڑی علاقے میں ایک چار منزلہ زیر تعمیر عمارت گرنے کا افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ ملبے کے نیچے 20 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائربریگیڈ اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ اب تک 12 افراد کو ملبے سے زندہ نکالا جا چکا ہے۔ ’آج تک‘ کے مطابق، اس حادثے میں 8 سالہ بچی کی ملبے تلے دب کر موت ہو گئی ہے۔
دہلی فائر چیف نے کہا کہ پیر کی شام تقریباً 7 بجے براڑی میں آسکر اسکول کے قریب چار منزلہ عمارت جے ایچ پی ہاؤس کے گرنے کی اطلاع ملی۔ ملبے میں 20 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ٹیم نے 8 افراد کو بچا کر نکال لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان تمام لوگوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ 250 گز کی چار منزلہ زیر تعمیر عمارت تھی۔
یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ براڑی ی کے رکن اسمبلی سنجیو جھا سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر کارکنوں کے ساتھ وہاں جائیں اور راحت اور بچاؤ کے کاموں میں انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کریں۔