نئی دہلی، 29/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)شمالی ہند کے کئی حصوں میں ایک بار پھر موسم نے کروٹ لینے کے آثار دکھائے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو دنوں کے دوران مطلع ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی گرج چمک کے ساتھ آندھی بھی چل سکتی ہے، جس کی رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس تبدیلی سے دن کے درجہ حرارت میں کمی آئے گی، جس سے گرمی سے پریشان عوام کو قدرے سکون ملے گا۔ اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ نے بدھ، جمعرات اور اتوار کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی ہندوستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند دنوں کے دوران موسم میں خاصی تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ اگلے پانچ دنوں تک آسام، میگھالیہ، منی پور، میزورم، ناگالینڈ اور تریپورہ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کے امکانات ہیں۔ خاص طور پر آج (29 اپریل) کے روز کچھ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی اندیشہ ہے، جس کے سبب مقامی لوگوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
29 اپریل سے 2 مئی کے درمیان مشرقی مدھیہ پردیش، ودربھ، جھارکھنڈ، اوڈیشہ، مغربی بنگال اور چھتیس گڑھ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران بعض علاقوں میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے سات دنوں تک جنوبی ہند کی کئی ریاستوں بشمول کرناٹک، ساحلی آندھرا پردیش، ینم، تلنگانہ، رائل سیما، کیرالہ، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گجرات، ہریانہ، پنجاب، مغربی راجستھان، تمل ناڈو، پڈوچیری، آندھرا پردیش، مہاراشٹر، مراٹھواڑہ، کچھ اور کرائیکل کے مختلف حصوں میں آئندہ دنوں میں لُو چلنے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی، شمال مغربی ہند کے علاقوں میں آئندہ تین دنوں تک درجہ حرارت میں کسی خاص کمی کا امکان نہیں ہے، لیکن اس کے بعد کے چار دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سیلسیس تک کی گراوٹ دیکھی جا سکتی ہے، جس سے گرمی کی شدت میں جزوی کمی متوقع ہے۔