ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ٹرین کے ٹوائلٹ میں سنسنی خیز دھمکی! ’آر ڈی ایکس سے اُڑا دیں گے‘،دو گھنٹے تک تفتیش جاری

ٹرین کے ٹوائلٹ میں سنسنی خیز دھمکی! ’آر ڈی ایکس سے اُڑا دیں گے‘،دو گھنٹے تک تفتیش جاری

Sat, 08 Mar 2025 11:43:50    S O News

  نئی دہلی ، 8/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)ایودھیا سے دہلی جانے والی ایودھیا ایکسپریس (1420) میں جمعہ، 7 مارچ کی شام اس وقت کھلبلی مچ گئی جب ایک نوجوان ٹرین کے ٹوائلٹ سے باہر آ کر گھبرائے ہوئے انداز میں اپنے ساتھی مسافروں کو بتایا کہ ٹوائلٹ کی دیوار پر دھمکی آمیز پیغام لکھا ہوا ہے۔ اس تحریر میں کہا گیا تھا کہ جیسے ہی ٹرین لکھنؤ کے چارباغ اسٹیشن پر پہنچے گی، اسے آر ڈی ایکس بم سے اڑا دیا جائے گا۔ اس اطلاع کے بعد سیکیورٹی ایجنسیاں فوری طور پر حرکت میں آگئیں، جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

مسافروں نے فوری طور پر ٹرین میں موجود ریلوے عملے کو اس کی اطلاع دی جس کے بعد ریلوے عملے نے ریلوے انتظامیہ کو اس کی اطلاع دی۔ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے ریلوے کے اعلیٰ حکام نے ٹرین کو بارہ بنکی اسٹیشن پر روکنے کا حکم دیا، جس کے بعد جانچ کے لیے ٹرین کو اگلے اسٹیشن یعنی بارہ بنکی اسٹیشن پر روک دیا گیا۔

بارہ بنکی میں تقریباً 7:25 بجے ٹرین کو روکنے کے بعد ٹرین کی مکمل تلاشی اور جانچ شروع کی گئی۔ سب سے پہلے تمام مسافروں کو ٹرین سے اتارا گیا۔ اس کے بعد، جی آر پی، آر پی ایف اور سیول پولیس اہلکاروں نے ملٹری بم ڈسپوزل ٹیم کے ساتھ مل کر ٹرین کے ڈبوں کی تلاشی اور چھان بین شروع کی۔

یہ دھمکی ایودھیا ایکسپریس کے کوچ نمبر S-8 کے ٹوائلٹ میں لکھی گئی تھی۔ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی تفتیش کے دوران بارہ بنکی ریلوے اسٹیشن پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور کلکٹر سمیت پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ دھمکی کسی نے شرارت کے طور پر لکھی تھی اور ٹرین مکمل طور پر محفوظ ہے۔ ٹرین میں مسافروں کو سوار کرنے کے بعد، ٹرین کو رات 9.25 بجے آگے کے سفر کے لیے بھیج دیا گیا۔


Share: