نئی دہلی ، 25/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر آج بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اگرچہ دہلی میں ووٹنگ کی تاریخ 5 فروری ہے، تو 12 دن پہلے یہ لوگ کیسے ووٹ ڈال پائے؟ اس کی وجہ ہے الیکشن کمیشن کی خصوصی مہم۔ الیکشن کمیشن نے بزرگ اور معذور افراد کے لیے ایک خصوصی اسکیم شروع کی ہے، جس میں الیکٹورل افسران ووٹروں کے گھروں تک پہنچ کر انہیں ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کریں گے۔ اسی مہم کے تحت آج کئی اہل ووٹروں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا اور کچھ ووٹروں کی تصاویر دہلی چیف الیکٹورل آفس کے آفیشل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی گئیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق دہلی میں 80 سال سے زیادہ عمر کے تقریباً 1.09 لاکھ ووٹرس ہیں۔ ان سبھی ووٹرس کو یہ متبادل پیش کیا گیا ہے کہ وہ اپنے دروازے پر الیکٹورل افسر کو بلائیں اور اپنا ووٹ دیں۔ یعنی ایسے لوگوں کو 5 فروری کے دن پولنگ بوتھ پر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ تقریباً 6400 بزرگ ووٹرس نے اس مہم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی درخواست الیکشن کمیشن کو دی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے لیے گھر بیٹھے ووٹنگ کی سہولت مہیا کی جائے۔
یہ سہولت دہلی کے ’اسپیشلی ایبلڈ‘ یعنی معذور اشخاص کے لیے بھی ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق دہلی میں تقریباً 80 ہزار معذور اشخاص ہیں۔ ان میں سے تقریباً ایک ہزار معذور ووٹرس نے الیکشن کمیشن میں درخواست دے کر اپنے دروازہ پر ووٹنگ کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اس درخواست کے لیے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جا کر ’فارم 12 ڈی‘ بھرنا تھا، جس کے لیے آخری تاریخ 15 جنوری تھی۔
بتایا جا رہا ہے کہ جتنے بھی بزرگوں اور معذور اشخاص نے الیکشن کمیشن سے اپنے گھر پر ووٹ دینے کی خواہش ظاہر کی ہے، ان سبھی کے گھر الیکٹورل افسران پہنچیں گے اور سبھی اصول و ضوابط کا خیال رکھتے ہوئے انتہائی رازداری کے ساتھ ان سے ووٹ ڈلوایا جائے گا۔ ان ووٹرس سے الیکٹورل افسران پوسٹل ووٹ کروائیں گے، جسے سیل بند لفافے میں جمع کروا دیا جائے گا۔ یہ مہم 4 فروری 2025 تک جاری رہے گی۔ یعنی درخواست دینے والے سبھی بزرگ اور معذور ووٹرس سے 4 فروری تک ووٹ ڈلوا لیے جائیں گے، اور پھر 5 فروری کو باضابطہ پولنگ بوتھ پر ووٹنگ ہوگی۔