ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی اسمبلی انتخاب: ’دہلی دیہات مورچہ‘ نے کسانوں کے ساتھ کانگریس کی کھلی حمایت کا اعلان

دہلی اسمبلی انتخاب: ’دہلی دیہات مورچہ‘ نے کسانوں کے ساتھ کانگریس کی کھلی حمایت کا اعلان

Sat, 01 Feb 2025 13:31:44    S.O. News Service

 نئی دہلی ، یکم فروری (ایس او نیوز/ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس کی طرف سے پیش کی جانے والی گارنٹیوں اور عوامی مسائل پر مبنی انتخابی منشور نے مختلف طبقوں کو متاثر کیا ہے۔ اس کی تازہ مثال آج سامنے آئی جب ’دہلی دیہات مورچہ‘ کی قیادت میں دہلی دیہات کے کسانوں نے کانگریس کی کھلی حمایت کا اعلان کیا۔ کئی کسان رہنماؤں نے آج دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو سے ملاقات کی، اور انھیں پگڑی باندھی کے ساتھ شال بطور تحفہ پیش کیا۔

اس موقع پر کسانوں نے کانگریس پارٹی کو اپنی کھلی حمایت کا اعلان کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخاب میں کانگریس کو ووٹ دیں۔ مختلف گاؤں سے آئے کسانوں نے ریاستی صدر کا اس بات کے لیے شکریہ بھی ادا کیا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں دہلی دیہات کے سبھی زیر التوا ایشوز کو شامل  کیا، جو کہ ایک تاریخی قدم ہے۔ یہ دہلی دیہات کو انصاف دلانے کی سمت ایک اہم کوشش ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے انتخابی منشور میں دہلی دیہات کی ترقی کے لیے کئی اہم نکات شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں ’سب کو پلاٹ، اسمارٹ گاؤں‘ منصوبہ کو نافذ کرنا، 20 نکاتی پروگرام کے تحت الاٹ 4/74 زمین والے کسانوں کو مالکانہ حق فراہم کرنا، زرعی اراضی کے سرکل ریٹ کو 5 کروڑ روپے فی ایکڑ کرنا اور لینڈ پُلنگ پالیسی کا پریکٹیکل ریویو کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ دہلی دیہات کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کا فائدہ آسانی سے مل سکے، اس کے لیے نجف گڑھ میں ویسٹ کیمپس اور بوانا میں نارتھ ویسٹ کیمپس کھولنے کی بات بھی انتخابی منشور میں شامل ہے۔

بہرحال، آج دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو سے ملاقات کے بعد ’جئے کسان آندولن‘ کے دہلی ریاستی صدر و دہلی دیہات مورچہ کے بانی راجیو یادو نے کہا کہ دہلی کی موجودہ حکومت نے دیہات علاقہ کو 20 سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ عآپ اور لیفٹیننٹ گورنر کے درمیان لگاتار رسہ کشی کے سبب کوئی اہم کام نہیں ہو سکا۔ ایسے میں کانگریس پارٹی کو حمایت دے کر دہلی دیہات کی مجموعی ترقی کو رفتار دینا ضروری ہو گیا ہے۔ آج دیویندر یادو کے سامنے کانگریس کی حمایت کا اعلان کرنے پہنچے کسان لیڈران میں کئی اہم نام شامل تھے۔ کسانوں کے اس نمائندہ وفد میں ڈھاسا 12 کھاپ کے ایس سی سماج کے سابق پردھان چوکھراج کٹاریا، چودھری دلباغ سنگھ نیلوال، ڈاکٹر رام نواس یادو (سریہڑا)، جگدیش یادو (کانگن ہیڑی)، نریندر یادو (گھمن ہیڑا)، روہتاش سنگھ رانا (گھیورا)، بریجندر سنگھ یادو (دولت پور)، کرن سنگھ (باپڈولا)، دیویندر کمار ڈاگر (سمس پور خالصا) کا نام قابل ذکر ہے۔


Share: