نئی دہلی ، 25/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتیں اپنی پوری طاقت جھونک رہی ہیں۔ جہاں عام آدمی پارٹی دہلی میں اپنی حکومت کو برقرار رکھنے کے لیے سرگرم ہے، وہیں کانگریس بھی اپنی کھوئی ہوئی زمین دوبارہ حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق، کانگریس نے ان 12 اسمبلی حلقوں پر خصوصی توجہ دینے کا منصوبہ بنایا ہے جہاں اس کی پوزیشن دیگر حلقوں کے مقابلے میں نسبتاً بہتر ہے۔ حالانکہ پچھلے انتخابات میں ان سیٹوں پر عام آدمی پارٹی کا دبدبہ رہا، لیکن اس بار ان حلقوں میں کانگریس کے لیے امکانات بہتر دکھائی دے رہے ہیں۔
واضح ہو کہ کانگریس پارٹی نے جن 12 سیٹوں کو منتخب کیا ہے ان میں زیادہ تر ایسی سیٹیں ہیں جہا دلت اور اقلیتی طبقہ کے لوگوں کی اچھی خاصی تعداد ہے۔ پارٹی کو امید ہے کہ ان علاقوں میں کانگریس ماضی کی طرح بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ کانگریس دہلی کے ان اہم سیٹوں پر اپنی انتخابی مہم میں تیزی اور نئی حکمت عملی کو بروئے کار لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاکہ ان سیٹوں پر جیت کی امید کو یقین میں تبدیل کیا جا سکے۔ دلت-اقلیتی طبقہ کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے کانگریس پارٹی نے مخصوص اور منفرد طرز کا انتخابی پمفلٹ تیار کیا ہے جسے ان علاقوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ان علاقوں میں لوگوں کو درپیش مسائل کو بھی دھیان میں رکھتے ہوئے خصوصی انتخابی مہم چلانے کی کوشش کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی کے اسمبلی انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں کانگریس اپنی پارٹی کے سرکردہ لیڈران کو میدان میں اتارے گی۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، کانگریس کے صدر ملکاراجن کھڑگے اور وائناڈ سے کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی جیسے لیڈران انتخابی مورچہ سنبھالیں گے۔ دلت-اقلیتی اسمبلی حلقوں میں ان اہم سرکردہ لیڈران کے انتخابی روڈ شو اور عوامی انتخابی جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ کانگریس کے ان اہم لیڈران کے انتخابی مہم کے ذریعہ پارٹی کی کوشش ہوگی کہ کھوئے ہوئے اپنے ووٹ بینک کو دوبارہ حاصل کر لیا جائے۔ واضح ہو کہ ان اسمبلی حلقوں میں کانگریس کی حکمت عملی کامیاب ہو جاتی ہے تو پارٹی ان مخصوص حلقوں میں آسانی سے کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔