ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی اسمبلی انتخابات: صاف و شفاف عمل کے لیے چیف الیکٹورل افسر کی سیاسی جماعتوں سے ملاقات

دہلی اسمبلی انتخابات: صاف و شفاف عمل کے لیے چیف الیکٹورل افسر کی سیاسی جماعتوں سے ملاقات

Thu, 09 Jan 2025 10:55:01  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ، 8/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی سیاسی ماحول گرم ہونے لگا ہے۔ اسی سلسلے میں دہلی کی چیف الیکٹورل افسر (سی ای او) آر. ایلس واز نے قومی اور ریاستی سطح پر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں، سی ای او نے مثالی ضابطہ اخلاق (ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ) اور انتخابی اخراجات کی نگرانی سے متعلق اقدامات پر سیاسی جماعتوں کو ضروری معلومات فراہم کیں۔

میٹنگ سے متعلق چیف الیکٹورل افسر دہلی کے دفتر نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ایلس واز نے سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے مثالی ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کی گزارش کی اور اس کی اہمیت پر زور دیا۔ ظاہر ہے انتخابی ضابطہ اخلاق الیکشن کمیشن کے ذریعہ انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہی نافذ ہو چکا ہے۔ اس میٹنگ میں دہلی کی چیف الیکٹورل افسر نے سیاسی مہموں، اخلاقی روایات اور انتخابی طریقہ کار کو رخنہ انداز کرنے والی سرگرمیوں کے امتناع کے لیے اہم ہدایات پر روشنی ڈالی۔

دی گئی جانکاری کے مطابق اس میٹنگ میں عام آدمی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی، بی جے پی، سی پی آئی (ایم)، کانگریس، نیشنل پیپلز پارٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سبھی کے سامنے دہلی چیف الیکٹورل افسر نے انتخابی اخراجات کی نگرانی کی ترکیبوں کو نشان زد کیا جس میں اخراجات پر نظر رکھنے کے لیے مبصرین کی تقرری، نگرانی ٹیم اور خلاف ورزی پر نظر رکھنے کے لیے کنٹرول روم کا قیام شامل ہے۔ انھوں نے سیاسی پارٹیوں سے مہم کے دوران رقم کے استمال میں شفافیت برقرار رکھنے اور مقررہ مدت کار کے اندر اخراجات کی تفصیل پیش کرنے کی گزارش کی۔


Share: