ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / وقف ترمیمی قانون: سپریم کورٹ کی سماعت 15 مئی تک ملتوی، فیصلہ نئے چیف جسٹس بی آر گوئی کی بنچ کرے گی

وقف ترمیمی قانون: سپریم کورٹ کی سماعت 15 مئی تک ملتوی، فیصلہ نئے چیف جسٹس بی آر گوئی کی بنچ کرے گی

Mon, 05 May 2025 16:17:42    S O News

نئی دہلی، 5/اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)سپریم کورٹ نے آج وقف (ترمیمی) قانون کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر ہونے والی سماعت ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے اس معاملے کی آئندہ سماعت کے لیے 15 مئی کی تاریخ مقرر کی ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے واضح کیا ہے کہ اب اس معاملے کی سماعت جسٹس بی آر گوئی کی قیادت میں ہوگی، جو ملک کے اگلے چیف جسٹس بننے والے ہیں۔ چونکہ موجودہ چیف جسٹس سنجیو کھنہ 13 مئی کو سبکدوش ہو رہے ہیں، اس لیے سماعت کی ذمہ داری اب نئے چیف جسٹس کو سونپی گئی ہے۔

وقف ترمیمی قانون کے خلاف داخل عرضی پر آج تقریباً 2 ہفتہ بعد سماعت ہو رہی تھی۔ ملک کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ، جسٹس پی وی سنجے کمار اور جسٹس کے وی وشوناتھن کی بنچ اب تک اس معاملے پر سماعت کر رہی تھی۔ عدالت نے جیسے ہی آج اس معاملے کی سماعت شروع کی، سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے آئندہ ہفتہ تک سماعت ملتوی کرنے کی گزارش بنچ کے سامنے رکھ دی۔ بنچ نے ان کے مطالبہ پر رضامندی ظاہر کی اور اس طرح اب معاملہ 15 مئی کو سنا جائے گا۔

گزشتہ سماعت میں عدالت عظمیٰ نے قانون کے دو اہم پہلوؤں پر روک لگا دی تھی۔ 17 اپریل کو سماعت میں چیف جسٹس آف انڈیا سنجیو کھنہ کی قیادت والی بنچ کو مرکزی حکومت کی جانب سے یقین دلایا گیا تھا کہ وہ 5 مئی تک نہ تو وقف بائی یوزر سمیت وقف ملکیتوں کو غیر نوٹیفائی کرے گا، نہ ہی مرکزی وقف کونسل و بورڈس میں کوئی تقرری کرے گا۔ مرکز نے اسے سماعت کے بغیر قانون پر روک نہ لگانے کی گزارش بھی کی تھی۔ اس کے بعد عدالت نے سماعت کے لیے 5 مئی کی تاریخ مقرر کی تھی۔

آج جب معاملے پر سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس سنجیو کھنہ نے بتایا کہ انھون نے حکومت اور جواب کی شکل میں داخل سبھی دلائل کو پڑھ لیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ رجسٹریشن اور کچھ اعداد و شمار کی بنیاد پر ایشوز اٹھائے گئے ہیں، جن پر عرضی دہندگان نے سوال اٹھایا ہے۔ چونکہ سی جے آئی کھنہ کی سبکدوشی کے دن قریب ہیں، وہ آخری مرحلہ میں بھی کوئی فیصلہ یا حکم محفوظ نہیں رکھنا چاہتے۔ ایسے میں اب اس معاملہ پر فیصلہ ملک کے چیف جسٹس بننے جا رہے جسٹس بی آر گوئی کی صدارت والی بنچ سنائے گی۔


Share: