ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کسان تحریک: ڈلیوال کی 50 دن کی بھوک ہڑتال، پانی تک کا ہو رہا ہے بحران; 111 کسانوں کا اہم اعلان

کسان تحریک: ڈلیوال کی 50 دن کی بھوک ہڑتال، پانی تک کا ہو رہا ہے بحران; 111 کسانوں کا اہم اعلان

Wed, 15 Jan 2025 13:15:42    S.O. News Service

نئی دہلی  ، 15/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی )پنجاب میں کسانوں کی مختلف مطالبات کے حق میں مظاہروں میں شدت آ گئی ہے۔ کسان لیڈر جگجیت سنگھ ڈلیوال کی بھوک ہڑتال کو 50 دن ہو گئے ہیں اور ان کی حالت سنگین ہو گئی ہے۔ کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انہیں اب پانی پینے میں بھی شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ڈلیوال کے معالجین کے مطابق ان کی صحت میں مسلسل بگاڑ آ رہا ہے۔

کسان لیڈر ابھیمنیو کوہاڑ نے منگل کو اعلان کیا کہ بدھ کے روز دوپہر 2 بجے سے 111 کسان کالی پوشاک میں تا دم مرگ بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔ یہ کسان پولیس رکاوٹوں کے قریب پُرامن طریقہ سے دھرنا دیں گے۔ کوہاڑ نے کہا کہ جذباتی کسان اپنے رہنما کے قربانی دینے سے پہلے خود قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

خیال رہے کہ ڈلیوال 26 نومبر 2024 سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور کسان شمبھو بارڈر اور کھنوری بارڈر پر کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی ضمانت کے لیے مظاہرہ کر رہے ہیں۔

کسان رہنما راکیش ٹکیت نے حالیہ اجلاس کے بعد کہا کہ ملک میں سخت حکمرانوں کے خلاف عوام میں ناراضگی بڑھ رہی ہے اور بڑے کسان احتجاج کی ضرورت ہے۔ انہوں نے 18 جنوری کو بڑے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کو وارننگ دی کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو دوبارہ ملک گیر تحریک شروع کی جائے گی۔ ٹکیت نے مزید کہا کہ 26 جنوری کو حسب روایت ٹریکٹر ریلی بھی نکالی جائے گی۔


Share: