بنگلورو، 3 /اگست (ایس او نیوز / ایجنسی)مشہور فلمی اداکارہ اور سابق رکن پارلیمان رمیا عرف دیویہ سپندنا کو سوشل میڈیا پر فحش، توہین آمیز اور دھمکی آمیز پیغامات موصول ہونے کے بعد پولیس نے سائبر کرائم کے خلاف سخت کارروائی شروع کی ہے۔
اداکارہ رمیا نے حال ہی میں ایک عدالتی معاملے میں سپریم کورٹ میں پیشی کے مناظر انسٹاگرام اور ایکس (سابق ٹوئٹر) پر شیئر کیے تھے، جہاں ان کے 11 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔ تاہم ان پوسٹس کے بعد سوشل میڈیا پر بعض افراد نے ان کے خلاف نہایت قابل اعتراض تبصرے کیے، جن میں خواتین سے نفرت، جنسی ہراسانی اور یہاں تک کہ قتل کی دھمکیاں بھی شامل تھیں۔
اداکارہ نے ان تبصروں کے خلاف بنگلور پولیس کمشنر سے 28 جولائی 2025 کو باضابطہ شکایت درج کرائی، جس پر پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے سائبر کرائم یونٹ کو تحقیقات کا حکم دیا۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی تبصرے کرنے والے افراد کی شناخت کا عمل شروع کیا، اور ابتدائی کارروائی میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جنہوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔ فی الحال دونوں ملزمان پولیس کی حراست میں ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق، اس معاملے میں تقریباً 48 افراد نے اداکارہ کے خلاف قابل اعتراض تبصرے کیے، جن میں سے 11 افراد کی شناخت ہو چکی ہے۔ باقی افراد مختلف اضلاع میں روپوش ہیں، جن کی تلاش تیز رفتاری سے جاری ہے۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز، فحش اور توہین آمیز رویے کے خلاف کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ آئندہ کوئی اس قسم کی حرکت کی جرأت نہ کرے۔