ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / منالی میں زپ لائن کا خطرناک حادثہ: ناگپور کی 12 سالہ بچی رسی ٹوٹنے سے نیچے گر کر شدید زخمی

منالی میں زپ لائن کا خطرناک حادثہ: ناگپور کی 12 سالہ بچی رسی ٹوٹنے سے نیچے گر کر شدید زخمی

Sun, 15 Jun 2025 18:12:38    S O News
منالی میں زپ لائن کا خطرناک حادثہ: ناگپور کی 12 سالہ بچی رسی ٹوٹنے سے نیچے گر کر شدید زخمی

منالی، 15 /جون  (ایس او نیوز)    –ہماچل پردیش کے مشہور سیاحتی مقام منالی میں ایک زپ لائن حادثے میں مہاراشٹرا کے شہر ناگپور سے تعلق رکھنے والی 12 سالہ لڑکی شدید زخمی ہو گئی۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب زپ لائن کی ہارنس سے جُڑی رسی اچانک ٹوٹ گئی اور بچی تقریباً 30 فٹ کی بلندی سے نیچے پتھریلی زمین پر گر گئی۔

متاثرہ بچی کی شناخت ترشا بیجوی کے طور پر ہوئی ہے، جو اپنے اہل خانہ کے ساتھ منالی گھومنے آئی تھی۔ حادثے کے فوراً بعد اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں وہ تاحال زیر علاج ہے۔ اہل خانہ کے مطابق ترشا کے جسم میں متعدد فریکچر آئے ہیں اور حال ہی میں اس کا آپریشن کیا گیا ہے۔

حادثے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں بچی کو زپ لائن سے گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ حادثہ 8 جون کو پیش آیا تھا، لیکن یہ معاملہ اب اس وقت وائرل ہوا جب ایکس (X) کے صارف نکھل سینی نے اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے بعد عوام میں غصے اور تشویش کی لہر دوڑ گئی۔یہ واقعہ ملک میں ایڈونچر اسپورٹس کی حفاظت پر ایک بڑا سوالیہ نشان بن کر سامنے آیا ہے۔

ترشا کے والد پرافُل بیجوی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی بیٹی کی حالت اب مستحکم ہے، لیکن وہ ذہنی اور جسمانی طور پر شدید صدمے سے دوچار ہے۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد شہری حلقوں نے منالی سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر موجود ایڈونچر اسپورٹس سہولیات کی نگرانی اور حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھائے ہیں۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ ایسے پروگراموں کے لیے تجربہ کار عملہ اور سخت حفاظتی معیارات لازمی قرار دیے جائیں، تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔


Share: